بین الاقوامی خبریںسرورق

امارات: ڈیجیٹل گداگری پر قید و جرمانے کی سزا

گزشتہ دنوں لگڑری گاڑی کی مالکہ ایک مالدارعورت کو گداگری کرتے ہوئے گرفتار کیا

دبئی،21جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) متحدہ عرب امارات کے ادارے پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع کو گداگری میں استعمال کرنے پر 10 ہزار درہم جرمانہ اور 3 ماہ تک قید کی سزا مقرر ہے۔امارات الیوم اخبار کے مطابق محکمہ انسداد گداگری نے گزشتہ دنوں لگژری گاڑی کی مالکہ ایک مالدارعورت کو گداگری کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ادارہ پراسیکیوشن کا انسداد گداگری قانون کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ریاست کے قانون 34 کی شق 51 کے تحت ایسے افراد جو کسی بھی طریقے سے گداگری میں ملوث پائے جاتے ہیں انہیں قید اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔قانون کے مطابق کسی بھی ڈیجیٹل ذریعے کو استعمال کرتے ہوئے مالی امداد طلب کرنا قانونی طور پر منع ہے ایسا کرنے والے قانون کی شق 51 کے تحت سزا کا مستحق ہوں گے۔

دوسری جانب ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ معاشرے سے گداگری کے خاتمے کے لیے عوام بھرپورتعاون کریں۔ گداگروں کے بارے میں معلومات ٹول فری نمبر 999 پر فراہم کی جاسکتی ہیں۔پیشہ ور گداگروں کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ محکمہ انسداد گداگری کی ٹیم نے ایک ایسی پیشہ ورگداگر کو گرفتار کیا جو روزانہ مختلف مساجد کے باہرکھڑے ہو کر بھیک مانگتی تھی۔ایک شہری نے گداگر عورت کے بارے میں اطلاع فراہم کی جس میں کہا گیا تھا کہ ’مالدار گداگر‘ عورت اپنی لگژری گاڑی میں گداگری کرنے آتی ہے۔پولیس نے شہری کی جانب سے نشاندہی پرگداگرعورت کی نگرانی کی۔

اطلاع درست ہونے پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ملزمہ سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ وہ کافی مالدار ہے جبکہ گداگری کے لیے اپنی ذاتی گاڑی میں آتی ہے جو نئے ماڈل کی اور کافی لگژری تھی۔مالدار گداگر عورت بھیک مانگنے کے بعد جب سب لوگ مسجد سے چلے جاتے تو دور کھڑی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر دوسرے مقام پر چلی جاتی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button