مسلم ممالک متحد ہو کر سویڈن واقعہ کو عالمی سطح پر اُٹھائیں :مولانا طارق جمیل
اس واقعہ پر جمہوریت اور سیکولرزم پر کے علمبرداروں کا خاموش رہنا ، مضحکہ خیز بھی ہے
لاہور،23جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پاکستان کے معروف مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل نے اپنے ایک بیان میں سویڈن واقعہ کے پیش نظر شدت پسند لیڈر کے ذریعہ عیاذاً باللہ قرآن پاک جلائے جانے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے سخت لفظوں میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سویڈن میں قرآن مجید جلائے جانے کا واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔اس واقعہ پر جمہوریت اور سیکولرزم پر کے علمبرداروں کا خاموش رہنا ، مضحکہ خیز بھی ہے اور افسوسناک بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں وقتاً فوقتاً اس قسم کے گستاخانہ اقدامات کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضروری ہے کہ تمام مسلم ممالک یکجا ہو کر اس واقعے کو عالمی سطح پر اٹھائیں اور ان جیسے واقعات کے سد باب کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔ خیال رہے کہ سویڈن میں ترکیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک شدت پسند سیاسی جماعت کے لیڈر نے قرآن پاک جلانے کابدبختانہ عمل انجام دیا ہے، اس واقعہ کے پیش نظر تمام مسلم ممالک نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا ہے۔



