آئی سی سی مینز ون ڈے باؤلر رینکنگ: محمد سراج نمبر ون بالر بن گئے
ہندوستانی تیز گیند باز محمد سراج نے آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی
نئی دہلی ، 25جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ہندوستانی تیز گیند باز محمد سراج نے آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ وہ ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 بن گئے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں سراج نے ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر یہ مقام حاصل کیا ہے۔سال 2019 میں اپنا ونڈے ڈیبیو کرنے والے سراج کو تین سال تک ونڈے ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔ وہ فروری 2022 سے و نڈے کرکٹ میں واپس آئے۔ اس کے بعد گیند باز نے باقاعدگی سے اپنی باؤلنگ کو بہتر کیا اور نئی مہارتیں شامل کیں۔ نتیجہ یہ ہوا کہ حال ہی میں ختم ہونے والی سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز میں تمام بلے باز ان کے سامنے ڈگمگاتے نظر آئے۔
سراج نے اس ایک سال میں 20 ون ڈے کھیلے اور مجموعی طور پر 37 وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے بہت اچھی گیند بازی کی۔ ان کی اکانومی ریٹ 5 سے کم رہی۔ محمد سراج نے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار گیند بازی کی۔ وہ سال کے آغاز میں سری لنکا کیخلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پلیئر آف دی سیریز تھے۔ انہوں نے یہاں 9 وکٹیں حاصل کیں اور آئی سی سی رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف بھی یہی رجحان برقرار رکھا۔
یہاں انہوں نے مضبوط باؤلنگ سے نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کو پیچھے چھوڑ دیا اور ون ڈے کے نمبر 1 باؤلر کا اعزاز حاصل کیا۔محمد سراج اب 729 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ (727) اور ٹرینٹ بولٹ (708) دوسرے نمبر پر ہیں۔ مچل اسٹارک (665) اور راشد خان (659) ٹاپ 5 کی فہرست میں موجود ہیں۔ ٹاپ 10 میں ایڈم زمپا، شکیب الحسن، شاہین آفریدی، مستفیض الرحمان اور مجیب الرحمان شامل ہیں۔ ٹاپ 20 میں ہندوستان کے دوسرے بولر کل دیپ یادوبھی موجود ہیں۔



