لکھنؤ عمارت حادثہ: سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی شاہد منظور کے بیٹے نوازش گرفتار
سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی کے کٹھور (میرٹھ) سے رکن اسمبلی شاہد منظور کے بیٹے نوازش شاہد کو حراست میں لے لیا
لکھنؤ، 25جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) لکھنؤ میں وزیر حسن روڈ پر واقع 5 منزلہ علایہ اپارٹمنٹ کے گرنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر اور سماجوادی پارٹی کے کٹھور (میرٹھ) سے رکن اسمبلی شاہد منظور کے بیٹے نوازش شاہد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ اپارٹمنٹ شاہد منظور کے بھتیجے محمد طارق اور بیٹے نوازش شاہد نے خریدا تھا۔ پولیس نے شاہد منظور کے بیٹے نوازش کو حراست میں لے کر ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور انہیں دیر رات گئے تقریباً ڈیڑھ بجے لکھنؤ لایا گیا۔
علایہ اپارٹمنٹ یزدان بلڈرز نے تعمیر کیا تھا۔خیال رہے کہ اس اپارٹمنٹ کا نام سابق وزیر شاہد منظور کی پوتی علایہ کے نام پر رکھا گیا ہے، جو نوازش شاہد کی بیٹی ہے۔ شاہد منظور میرٹھ کے کٹھور سے چوتھی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اس حادثے میں سماجوادی پارٹی کے ترجمان عباس علی حیدر کی والدہ اور اہلیہ سمیت اب تک 5 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ تقریباً 15 لوگوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے اب بھی دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس 5 منزلہ عمارت کے گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہے، تاہم اس کی وجہ گزشتہ روز آنے والا زلزلہ ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ منگل کی سہ پہر دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.8 ناپی گئی اور اس کا مرکز نیپال میں تھا۔



