قومی خبریں

دہلی میئر الیکشن: 3 فروری کو عآپ میئر امیدوار شیلی اوبرائے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت 

سپریم کورٹ عآپ کی میئر عہدہ کی امیدوار شیلی اوبرائے Shelly Oberoi کی عرضی پر 3 فروری کو غور کرنے پر متفق ہو گیا

نئی دہلی ، 27جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سپریم کورٹ عآپ کی میئر عہدہ کی امیدوار شیلی اوبرائے Shelly Oberoi کی عرضی پر 3 فروری کو غور کرنے پر متفق ہو گیا ہے۔ اس عرضی میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میئر الیکشن طے مدت میں کرانے کا حکم صادر کیا جائے۔ سینئر وکیل ابھشیک سنگھوی نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ کے سامنے معاملے کا تذکرہ کیا۔ پھر عدالت عظمیٰ نے 3 فروری کو معاملے کی سماعت کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ آپ نے بی جے پی پر میئر عہدہ کے لیے انتخاب کرانے سے بھاگنے کا الزام عائد کیا ہے۔

گزشتہ دسمبر میں ہوئے ایم سی ڈی الیکشن میں آپ نے 250 وارڈوں میں سے 134 پر جیت درج کی تھی جبکہ بی جے پی 104 وارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ بی جے پی کے پاس اتنے نمبر دکھائی نہیں دے رہے کہ وہ میئر کی کرسی پر قبضہ کر سکے، لیکن اس کے کچھ لیڈران لگاتار دعویٰ کر رہے ہیں کہ میئر انتخاب میں اس کے امیدوار کی جیت ہوگی۔اس درمیان آپ لیڈر سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ دہلی کے لوگوں نے ایم سی ڈی میں آپ کو اکثریت دی ہے لیکن بی جے پی ہمیں ایم سی ڈی میں حکومت نہیں بنانے دے رہی ہے۔

عآپ نے ایوان کے لیڈر اور میئر امیدوار (شیلی اوبرائے) کے ذریعہ سے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ ہم نے دو اہم مطالبات رکھے ہیں۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ طے مدت میں میئر کا انتخاب ہو اور ایم سی ڈی میں حکومت تشکیل پائے۔ دوسرا مطالبہ ہے کہ ایلڈرمین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جائے۔واضح رہے کہ میئر کا انتخاب 6 جنوری کو ہونا تھا، لیکن بی جے پی اور آپ کونسلر کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد ایوان کو ملتوی کر دیا گیا۔ پھر 24 جنوری کو میئر اور ڈپٹی میئر کے ساتھ ساتھ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کا انتخاب کرنے کے لیے ایک سیشن بلایا گیا۔ اس روز بھی خوب ہنگامہ ہوا اور کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button