اب خاتون نے کیبن عملہ پر تھوکا، پھرنیم برہنہ ہوکر گھومنے لگی،جہاز میں ایک بار پھر شرمناک حرکت
طیارہ میں ہنگامہ آرائی کی خبریں منظر عام پر آتی رہتی ہیں
نئی دہلی ،31جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) طیارہ میں ہنگامہ آرائی کی خبریں منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔ اب نیا معاملہ وستارا فلائٹ Vistara plane کا سامنے آیا ہے۔ فلائٹ میں خاتون نے عملہ کے ساتھ بدتمیزی کی،ان پر حملہ کیا۔ یہی نہیں بلکہ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ اس خاتون نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ اور اس نے کیبن عملہ پر تھوک بھی دیا اور پھر فلائٹ میں ہی اپنے کپڑے اتار کر نیم برہنہ ہو کر راہداری میں گھومنے لگی۔یہ واقعہ ابوظہبی سے ممبئی آنے والی پرواز میں پیش آیا۔ ملزمہ خاتون اٹلی کی رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق اطالوی نژاد خاتون کا نام پاولا پیروچیو Paola Perruccio ہے۔ خاتون نے کیبن عملہ سے اکانومی ٹکٹ ہونے کے باوجود بزنس کلاس میں بیٹھنے پر اصرار کیا۔ جب عملے نے انکار کیا تو وہ پرتشدد ہوگئی اور لڑنے لگی ۔ ممبئی پولیس نے خاتون کیخلاف مقدمہ درج کر کے اسے نوٹس جاری کر دیا ہے۔
وستارا ائیرلائن نے ایک بیان جاری کرکے پورے معاملے کی جانکاری دی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ یہ واقعہ 30 جنوری کو فلائٹ نمبر یوکے 256 میں پیش آیا۔ کمپنی کے مطابق جہاز نے ابوظہبی سے ممبئی کے لیے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ پرواز میں سوار خاتون مسافر بے قابو ہو گئی اور اس نے پرتشدد سلوک کیا۔ اس نے کیبن عملہ اور دیگر مسافروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس رویے پر فلائٹ کے کپتان نے خاتون کو وارننگ کارڈ جاری کیا۔اس سے قبل 26 نومبر کو دھوت شنکر مشرا نامی شخص نے نیویارک سے دہلی آنے والی فلائٹ میں بزنس کلاس میں بیٹھی 70 سالہ خاتون مسافر پر پیشاب کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو 7 جنوری کو بنگلورو سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کو واقعہ کے 42 دن بعد گرفتار کیا جا سکا۔ ممبئی کا رہنے والا شنکر واقعہ کے بعد سے فرار تھا۔



