ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ ، قیامت صغریٰ برپا، 600 سے زائد جاں بحق
اس سے ترکی اور شام میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 195 ہو گئی ہے۔
استنبول ؍دبئی ،6فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ترکیہ اور شام میں سات اعشایہ آٹھ شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جب کہ 600 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونیکی اطلاعات ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے جنوبی اور شام کے شمالی علاقوں میں پیر کی علی الصباح اس وقت زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جب بیشتر افراد سو رہے تھے۔زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس ہوتے رہے جس کے نتیجے میں سرحد کے دونوں اطراف کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لوگ شدید سردی میں گھروں سے باہر آگئے۔ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد کم از کم 20 آفٹر شاکس محسوس کیے جا چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ چھ اعشاریہ چھ شدت کا تھا۔ترکی کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک کے سات صوبوں میں کم از کم 284 افراد ہلاک اور 440 زخمی ہوئے ہیں۔شام کی حکومتِ کے زیرِ اثر علاقوں میں اب تک 237 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے جب کہ وائٹ ہیلمٹس کے مطابق باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
شام میں زخمی افراد کی تعداد 630 بتائی جاتی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنس کا بتانا ہے کہ زلزلے کا مرکز ترکیہ کا سرحدی شہر قہرمان مرعش تھا جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں عمارتیں لرز کر رہ گئیں جب کہ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ زلزلے کے جھٹکے شام اور ترکیہ سمیت لبنان, قبرص, یونان اور آرمینیا میں بھی محسوس کیے گئے۔ترکیہ کے ریڈ کراس کے مطابق انہیں بڑے پیمانے پر عمارتوں کے انہدام کی اطلاعات ہیں۔مقامی ٹی وی چینل ٹی آر ٹی نے متاثرہ مقامات کی فوٹیجز جاری کی ہیں جن میں لوگوں کو متاثرہ مقامات پر جمع ہو کر ملبے سے لوگوں کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ سرچ اور ریسکیو ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ مقامات پر پہنچ چکی ہیں اور امید ہے کہ اس آفت سے کم سے کم نقصان کے ساتھ فوری طور پر نمٹا جائے گا۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ سلیمان سوئلو کے مطابق زلزلے کے بعد سے اب تک چھ آفٹرشاکس آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ عمارتوں سے دور رہیں۔شام کے سرکاری میڈیا کے مطاق حلب شہر میں متعدد عمارتیں گر گئی ہیں جس سے بڑے پیمانے پر نقصان کا اندیشہ ہے۔شام کے دارالحکومت دمشق کے مکین سمیر نے رائٹرز کو بتایا کہ جس وقت زلزلہ آیا تو وہ سو رہے تھے، اچانک گھر کی دیوار پر لگی تصاویر زمین پر گر گئیں جس سے ان کی آنکھ کھل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق شام کے شہر دمشق، لبنان کے شہر بیروت اور طرابلس میں زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر عمارتوں سے دور کھلے مقامات کی جانب پہنچ گئے۔
دنیا بھر سے ترکیہ کو ریسکیو ٹیمیں پہنچنے لگیں، دوبارہ زلزلے کے جھٹکے کی اطلاع
قہارامان ماراش اور ترکیہ کے دیگر شہروں میں 7.4 کی شدت کے زلزلے میں ترکیہ کی امداد کے لیے 370 افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ روانہ کی ہے۔وزارت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر الہام علی ایف نے ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے میں مددگار ہونے کے لیے امدادی ٹیم کو ترکیہ روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ 370 افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ہدایات کے مطابق ترکیہ روانہ ہوگئی ہے۔دوسری جانب امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکا ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے حوالے سے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔سلیوان نے قہارامان ماراش اور ترکیہ کے دیگر شہروں میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بارے میں ایک تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہری تشویش ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکہ کی ہرممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی: جو بائیڈن
صدرجو بائیڈن نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) اور دیگر وفاقی حکومت کے شراکت داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر علاقوں کے لوگوں کی فوری امداد کریں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ترک حکومت کے ساتھ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔بحران کے انتظام اور انسانی امداد کے ذمہ دار یورپی یونین کمیشن کے رکن ہینز لینارک نے سوشل میڈیا پر اس موضوع پر بیان د یتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے بعد، یورپی یونین کے شہری تحفظ کے ادارے نے ترکیہ کے لیے اپنی امدادکو تیز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہEU ایمرجنسی رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر پورے یورپ سے امدادی ٹیموں کی روانگی کو مربوط کرتا ہے، Lenarcic نے کہا کہ اس وقت نیدرلینڈز اور رومانیہ کی ریسکیو ٹیمیں علاقے پہنچنے والی ہیں۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل ہینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ قہارامان ماراش مرکز میں آنے والے زلزلے کے بعد، اتحادی ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امداد کو زیادہ فعال طریقے سے پہنچا رہے ہیں۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں صدر رجب طیب ایردوان اور وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے رابطے میں ہوں۔ نیٹو کے اتحادی ممالک ترکیہ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھے ہوئے ہیں۔روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے اطلاع دی ہے کہ زلزلے کے باعث دو Il-76 طیارے اور 100 افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ روانگی کے لیے تیار ہے۔وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے ہنگامی حالات کے وزیر الیگزینڈر کورینکوف کی ہدایت پر 100 افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے 2 Il-76 طیارے تیار کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت ہمیشہ ایک دوست ملک کی مدد کے لیے تیار ہے۔یونان بھی زلزلے کے باعث ترکیہ کو امداد روانہ کرے گا۔ یونانی وزیر اعظم کریاکوس میتچوتاکیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ یونان اپنے وسائل کو بروئَ کار لاتے ہوئے فوری طور پر ترکیہ کو امداد روانہ کرے گا۔اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ انہیں قہارامان ماراش میں آنے والے زلزلے پر شدید افسوس ہے اور انہوں نے اپنی وزارت کو ہنگامی امدادی پروگرام تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوز گیلنٹ نے بھی اسرائیلی فوج اور وزارت کے اداروں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے کہا کہ زلزلے کے بعد یوکرین دوست ترک عوام کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔وہیں قاہرامان مراش میں 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ،جھٹکے انقرہ تک محسوس کیے گئے ہیں ۔



