ترکیہ اور شام کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے بڑھ گئی
ملبے تلے روشنی: ترکیہ میں زلزلہ کے 90 سے 100 گھنٹے بعد زندہ نکالے گئے افراد
ترکیہ و شام زلزلہ: 22 ہزارجاں بحق، امریکہ کا 85 ملین ڈالر امداد کا اعلان
انقرہ؍دبئی ،10فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکہ نے دونوں ملکوں کے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی طور پر 85 ملین ڈالر کے امدادی ایمرجنسی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس امریکہ کی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی نے کہا ہے کہ یہ امداد متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے شراکت داروں کو فراہم کی جا رہی ہے تاکہ لاکھوں ضرورت مندوں کو فوری طور پر خوراک، شیلٹر اور صحت کی ہنگامی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔گزشتہ پیر کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ کے دس صوبے متاثر ہوئے جن میں صدر اردوغان نے ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے جو تین ماہ تک رہے گی۔زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے افراد کو تاحال نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک بیان میں امریکی ایجنسی نے بتایا کہ امداد کے ذریعے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ بیماریوں کے پھوٹ پڑنے سے بچا جا سکے۔ امدادی ایجنسی کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے زلزلہ متاثرین کی ضرورت سے متعلق ٹیلیفونک گفتگو کے بعد سامنے آیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ترکیہ میں عالمی امدادی کوششوں کا حصہ بننے پر فخر ہے جیسا کہ ترکیہ کے انسانی ریسکیو ماہرین نے ماضی میں دنیا بھر میں اس طرح کی کوششوں میں شرکت کی۔حکام نے بتایا کہ امریکہ پہلے ہی ترکیہ میں ریسکیو ٹیمیں بھیج چکا ہے جن کے پاس کنکریٹ کے بلاکس توڑنے کے آلات، جنریٹرز، پانی صاف کرنے کے نظام کے علاوہ ہیلی کاپٹرز بھی ہیں۔ترکیہ کے پڑوسی ملک شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے امریکی امداد وہاں موجود مقامی پارٹنرز کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔امریکی حکومت شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت سے براہ راست روابط نہیں رکھتی اور خانہ جنگی کے دوران سرکاری افواج کی جانب سے کی گئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتساب کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
ملبے تلے روشنی: ترکیہ میں زلزلہ کے 90 سے 100 گھنٹے بعد زندہ نکالے گئے افراد
استنبول ،10فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اگرچہ ترکی اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں، لیکن ہزاروں تباہ شدہ مکانات کے ملبے تلے پھنسے افراد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں پھر بھی امید باقی ہے کیونکہ زندگی کے ساتھ کوئی مایوسی نہیں ہے۔ترکیہ کی’ینی شفق‘ ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ امدادی ٹیمیں قہرمان مرعش میں 100 گھنٹے بعد ملبے کے نیچے سے ایک شخص کو نکالنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ ٹیمیں زلزلے کے 92 گھنٹے بعد 65 سالہ خدیجہ اوزجلبی اور اس کی بیٹی 33 سالہ مہربان سلطان کو قہرمان مرعش میں ملبے کے نیچے سے بچانے میں بھی کامیاب رہیں۔ھتائے صوبہ میں سرچ ٹیموں نے زلزلے کے 90 گھنٹے بعد تولغا دوغان اور اس کی 5 سالہ بیٹی کو ملبے سے نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
اسی ریاست میں ٹیمیں 90 گھنٹے گزرنے کے بعد 10 سالہ بچی ہلال صاغلام کو ملبے تلے سے نکالنے میں کامیاب ہوئیں۔ ٹیموں نے ملبے سے ایک خاتون اور اس کے 10 دن کے بچے کو بھی زندہ نکال لیا۔ٹیموں نے 92 گھنٹے بعد 12 سالہ یاووز ترکمان کو ملبے کے نیچے سے نکالنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ریاست ادی یامان میں ٹیموں نے 86 گھنٹے بعد بزرگ رمزیہ بولاط (73 سال) کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا۔ صوبہ عثمانیہ میں ٹیموں نے 26 سالہ مرات بال اوغلو کو 91 گھنٹے بعد ملبے سے زندہ نکال لیا۔ ایمبولینس ٹیموں نے زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔
سعودی امدادی ٹیم نے زلزلہ سے متاثرہ غازی عنتاب میں کام شروع کر دیا
انقرہ،10فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)’’العربیہ‘‘ کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ سعودی امدادی ٹیم نے ترکیہ کے شہر غازی عنتاب میں کام شروع کردیا ہے۔یہ شہر زلزلہ سے شدید متاثر ہوا تھا۔ مندوب نے مزید کہا کہ غازی عنتاب میں ملبے کے نیچے سے اب بھی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔دریں اثنا تیسرا سعودی امدادی طیارہ 104 ٹن امداد لے کر اڈانا کے ترکی کے ہوائی اڈے کی طرف چلا گیا ہے۔ جمعرات کو کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے اعلان کیا تھا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لیے شروع کی گئی مہم ’’ ساھم‘‘ کو مقبولیت ملی ہے اور اس مہم کے تحت 145 ملین ریال سے زیادہ رقم جمع کرلی گئی ہے۔
مرکز نے بتایا کہ اس کی ٹیمیں رکاوٹوں کے باوجود متاثرہ افراد تک امداد پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔مرکز نے واضح کیا کہ سعودی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچائے گا جہاں وہ ہوں گے۔ شام اور ترکہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے سعودی عرب کی مقبول مہم ساھم نے بدھ کو 80 ملین لیرا جمع کر کے دونوں ملکوں کی جانب سعودی فضائی پل کا آغاز بھی کر دیا تھا۔واضح رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ترکیہ اور شام دونوں کو امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی تھی۔ جمعہ 10 فروری کی دوپہر تک اس سلسلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 22300 سے زیادہ ہوگئی ہے۔



