بی سی سی آئی کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے اسٹنگ آپریشن کے بعد دیا استعفیٰ
چیتن شرما کو ایک مبینہ اسٹنگ آپریشن کے منظر عام پر آنے کے بعد مسلسل تنقید کا سامنا تھا
نئی دہلی ، 17فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سابق ہندوستانی کرکٹر چیتن شرما جو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں، نے 17 فروری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ درحقیقت چیتن شرما کو ایک مبینہ اسٹنگ آپریشن کے منظر عام پر آنے کے بعد مسلسل تنقید کا سامنا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ کو بھجوا دیا، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔سال 2020 میں چیتن شرما کو پہلی بار ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔ گزشتہ سال جب ہندوستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے باہر ہوگئی تھی، اس کے بعد بی سی سی آئی نے پوری سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا۔
اس وقت بھی چیتن شرما سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین تھے، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ اس عہدے کے لیے درخواست دی تھی۔ جنوری 2023 میں بی سی سی آئی نے ایک نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا، جس میں چیتن شرما کو دوبارہ چیئرمین بنایا گیا۔چیتن شرما 3 جنوری 1966 کو لدھیانہ، پنجاب میں پیدا ہوئے۔ اس کے بعد سال 1983 میں انہیں ہندوستانی ٹیم کے لیے پہلا ونڈے کھیلنے کا موقع ملا۔ اسی دوران 1984 میں چیتن شرما نے پاکستان کے دورے پر لاہور کے گراؤنڈ پر اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا اور اپنے پہلے ہی اوور میں محسن خان کی وکٹ حاصل کی۔1987 کے ونڈے ورلڈ کپ میں چیتن شرما کی تیز گیند بازی کا جادو سب کو دیکھنے کو ملا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک لے کر وہ عالمی کرکٹ کے پہلے بولر بن گئے جنہوں نے ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ اپنے نام کیا۔ چیتن شرما نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ سال 1994 میں کھیلا تھا۔اپنے بین الاقوامی کیریئر میں چیتن شرما نے 23 ٹیسٹ میچوں میں 35.46 کی اوسط سے 61 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی 65 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 34.87 کی اوسط سے 67 وکٹیں حاصل کیں۔بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد چیتن شرما نے 2004 میں ہریانہ کے پنچ کولہ میں فاسٹ باؤلنگ اکیڈمی قائم کی، جسے انہوں نے سال 2009 میںختم کردیا ، اسی وقت، سال 2009 میں، انہوں نے بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا انتخاب لڑا، جس میں وہ 18.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔



