قومی خبریں

’یوٹیوب‘ کے نئے سی او ہندنژاد امریکی نیل موہن کا مختصر تعارف

ہند نژاد امریکی نیل موہن ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے نئے سی ای او مقرر ہوں گے

واشنگٹن ، 17فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) یوٹیوب کی سی ای او سوزین ووجکی کے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد ہند نژاد امریکی نیل موہن ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے نئے سی ای او مقرر ہوں گے۔ نیل موہن اس وقت یوٹیوب کے چیف پروڈکٹ آفیسر ہیں اور وہ سوسن ووجکی کے دیرینہ ساتھی رہے ہیں۔نیل موہن اب مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ ناڈیلا، ایڈوب کے سی ای او شانتنو نارائن اور الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی سمیت ہندنژاد شخصیات کی اس فہرست میں شامل ہوں گے، جو امریکہ میں مقیم عالمی کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہیں۔نیل موہن اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں گریجویٹ ہیں۔ سوزین ووجکی کے دیرینہ ساتھ رہے ہیں اور 2007 میں ڈبل کلک کے حصول کے ساتھ گوگل میں شامل ہوئے تھے۔

موہن کو 2015 میں یوٹیوب میں چیف پروڈکٹ آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے یوٹیوب میں اپنے عہدے کے فرائض انجام دیتے ہوئے شارٹس، موسیقی اور سبسکرپشنز پر توجہ مرکوز کی۔ نیل موہن نے مائیکرو سافٹ کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔نیل موہن نے کہا کہ وہ اس اہم مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور ایک نئے مستقبل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ آپ کا شکریہ سوزین ووجکی، برسوں آپ کے ساتھ کام کرنا شاندار رہا ہے۔ آپ نے یوٹیوب کو تخلیق کاروں اور ناظرین کے لیے ایک غیر معمولی پناہ گاہ بنا دیا ہے۔ میں اس اہم مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔ٹک ٹاک اور فیس بک کی ریلز جیسی مختصر شکل کی ویڈیو سروسز اور نیٹ فلکس جیسی اسٹریمنگ سروسز سے مقابلے کے درمیان یوٹیوب کی اشتہاری آمدنی میں مسلسل دوسری سہ ماہی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ سوزین ووجکی نے خط لکھ کر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کرنے جا رہی ہیں۔ وہ اپنے خاندان، صحت اور ذاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک نیا کام شروع کریں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button