مدرس کی سرزنش سے دلبرداشتہ ہوکر گھر آنے پر والد کا تشدد، طالب علم جاں بحق
راولپنڈی میں مبینہ طور پر قاری صاحب کی سرزنش سے خوفزدہ معصوم بچہ مدرسے سے بھاگ گیا
راولپنڈی؍اسلا م آباد ، 20فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) راولپنڈی میں مبینہ طور پر قاری صاحب کی سرزنش سے خوفزدہ معصوم بچہ مدرسے سے بھاگ گیا جس کو گھر آنے پر باپ نے اس قدر تشدد کیا،وہ تشدد کی تاب نہ لاسکا، اور جاں بحق ہوگیا۔تھانہ وارث خان کے علاقہ ڈھوک کھبہ میں والد کے تشدد سے بچے کے مرنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعہ کی ایف آئی آر میں پولیس نے قتل کی دفعات درج کی ہیں۔مقتول بچے کی والدہ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق نو سالہ درویش کی لاش کا پوسٹمارٹم ڈی ایچ کیو میں مکمل کرنے کے بعد لاش رشتہ داروں کے حوالے کر دی گئی۔
مقتول بچے کی والدہ زینت نے پولیس کے بتایا کہ مدرسے سے بھاگ کر گھر آنے پر والد بشیر خان نے بچے کو دو دن قبل ڈنڈے سے پیٹاتھا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق تشدد کے باعث 9 سالہ بیٹے درویش کی طبیعت خراب ہوئی، جو ٹھیک نہ ہوا۔ ماں نے بتایا کہ بچے کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر سنیچر کی دوپہر اسپتال منتقل کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے بشیرخان ملزم باپ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔ بشیر خان کے دس بچے ہیں جن میں سے سات بیٹیاں ہیں اور وہ گلاس فیکٹری میں خراد کا کام کرتے تھے۔



