سرورققومی خبریں

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ سیسودیا پانچ دنوں کی سی بی آئی تحویل میں

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو 4 مارچ تک سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا گیا

نئی دہلی، 27فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو 4 مارچ تک سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہیں دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں آج مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جب سیسودیا کو پیش کیا گیا تو راؤس ایونیو کورٹس کے احاطے کے اندر اور باہر سخت سیکورٹی موجود تھی۔ خصوصی جج ایم کے ناگپال نے ابھی فیصلہ محفوظ کر لیاہے۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے دہلی حکومت کی ایکسائز پالیسی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے خصوصی عدالت سے انہیں پانچ دنوں کی سی بی آئی کی تحویل دینے کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے قبول کرلیا ہے ۔

سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ ایکسائز گھوٹالے کی سازش انتہائی منصوبہ بند اور خفیہ طریقے سے رچی گئی تھی۔ نائب وزیر اعلیٰ سیسودیا کی جانب سے ان کے وکیل نے ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کچھ کہنا نہیں چاہتا ہے تو یہ گرفتاری کی بنیاد نہیں ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ مینش سیسودیا کو کل آٹھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں آج ریمانڈ کے لیے دہلی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس دوران مسٹر سیسودیا کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج بھی کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button