
11 مارچ کو غیر بی جے پی وزرائے اعلیٰ اور رہنماؤں کو کیا جائے گا مدعو،کپل سبل نے ایک نئے پلیٹ فارم کی دی تشکیل
بی جے پی دور حکومت میں مبینہ طور پر ملک میں جاری ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا اعلان کیا ہے
نئی دہلی،4مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سابق مرکزی وزیر اور راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے ہفتہ کو بی جے پی دور حکومت میں مبینہ طور پر ملک میں جاری ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا اعلان کیا ہے۔کپل سبل نے غیر بی جے پی وزرائے اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈروں سمیت سبھی سے اپیل کی کہ وہ اس کام میں ان کے ساتھ تعاون کریں۔راجیہ سبھا کے رکن سبل نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ انصاف کیلئے جنگ میں لوگوں کی مدد کے لیے ایک پلیٹ فارم انصاف اور ایک ویب سائٹ ’انصاف کا سپاہی‘ شروع کر رہے ہیں۔ اس اقدام میں ملک بھر کے لیڈران قائدانہ کردار ادا کریں گے۔ اس پہل کے سلسلے میں 11 مارچ کو جنتر منتر پر ایک میٹنگ بھی ہوگی۔
اس میٹنگ میں ہندوستان کا نقطہ نظر پیش کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں عام لوگوں کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے غیر بی جے پی وزرائے اعلیٰ اور کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے ان کے اقدام کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔سینئر وکیل سبل نے کہا کہ INSAAF ایک قومی سطح کا فورم ہوگا، جس میں وکلا سب سے آگے ہوں گے۔ آر ایس ایس کی شاکھائیں بھی ہر علاقے میں اپنے نظریے کا پرچار کر رہی ہیں، جس سے ناانصافی کو جنم ملتا ہے۔ ہم اس ناانصافی کا بھی مقابلہ کریں گے۔ آج ہندوستان میں ہر طرف ناانصافی کا دور ہے۔ عام شہریوں، اپوزیشن جماعتوں، اساتذہ، صحافیوں، چھوٹے تاجروں اور غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ ہمارا پلیٹ فارم سب کے لیے ہو گا جو سب کے مفادات کی جنگ لڑے گا اور اپنی آواز کو بلند کرے گا۔



