سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

شیر خواروں کی صحت,نئی ماؤں کیلئے چند غذاؤں کا اہتمام ضروری

✍️ حفصہ فاروق

قدرت نے ماں کے دودھ میں وہ بنیادی غذائیت رکھی ہے جو بچہ کی جسمانی وذہنی نشونما کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ چونکہ ماں کی غذا دودھ کی صورت میں بچہ کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اسلئے بچہ کو بھر پور غذائیت پہنچانے کیلئے ماں کو دن بھر میں کئی دفعہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں ایسی صحت بخش غذا کھانی چاہئے جس سے ماں کے دودھ میں بھی اضافہ ہو سکے اور صحت میں بھی۔

دلیہ: بچہ کی پیدائش کے بعد ماں کے لئے دلیہ ایک مکمل غذا ہے جس میں موجود فائبر قبض دور کرتا ہے اگرچہ اس میں کیلوریزکم ہوتی ہیں لیکن فوری توانائی بحال کرنے اور زچگی میں ہونے والی ذیابطیس کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ناشتہ میں ایک پیالہ دلیہ کھانے سے پورا دن ماں کا دودھ زیادہ بنتا ہے۔

ہرے پتے والی سبزیاں: اکثر دودھ پلانے والی مائیں خون کی کمی کاشکار ہو جاتی ہیں ان کے لئے ہرے پتے والی سبزیاں (پالک، سرسوں،بتھوے کے پتے، میتھی سویا) بہت فائدمند غذا ئیں ہیں۔ پالک میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو بریسٹ کینسر سے محفوظ رکھتے ہیں۔

گاجر: گاجر میں موجود وٹامن اے ماں کے دودھ کی خصوصیات میں اضافہ کرتا ہے گاجر کو دودھ میں پکا کر،سوپ یا جوس کی صورت میں لینا زیادہ بہتر ہے۔ خشخاش: بچہ کی پیدائش کے بعد اکثر مائیں بے چینی،گھبراہٹ اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتی ہیں ایسی خواتین کے لئے خشخاش کااستعمال مفید ہے۔دن میں ایک دفعہ تھوڑی مقدار میں خشخاش کھائی جا سکتی ہے۔خشخاش کا استعمال دلیہ اور کھیر میں ڈال کر کیا جا سکتا ہے۔

براؤن چاول: دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے سفید چاول کی جگہ براؤن چاول کا استعمال بہتر ہوتا ہے۔ دودھ پلانے والی ماؤں کے ہارمونز کوبیلنس کرنے،بھوک میں اضافہ کرنے اور فوری توانائی بحال کرنے میں براؤن چاول مفید ہوتے ہیں۔ زیرہ: مناسب مقدار میں زیرہ کا استعمال ماں کے دودھ میں اضافہ کرتا ہے۔یہ نہ صرف زائد چربی پگھلانے میں مدد کرتا ہے بلکہ قبض اور سینہ کی جلن کو بھی دور کرتا ہے اور بھوک بھی کھولتا ہے۔

سونف: دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے سونف ہر لحاظ سے بہتر ہے۔یہ نہ صرف ماں کے دودھ میں اضافہ کرتی ہے بلکہ بچہ کے پیٹ کے درد کو بھی دور کرتی ہے،سونف کو دودھ میں ابال کر پیا جا سکتا ہے یا کھانے کے بعد چبایا جا سکتا ہے۔ شکر قندی: شکر قندی وٹامن سی، بی کملیکس،میگنیشیم اور فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے،شکر قندی کی کھیر دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے بہترین غذا ہے۔

گائے کا دودھ: دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے بھینس کے دودھ کی جگہ گائے کا دودھ نہایت فائدہ مند ہے۔

میتھی: دنیا بھر میں میتھی اور میتھی دانہ کو ماں کے دودھ میں اضافہ کرنے والی غذا مانا جاتا ہے۔ میتھی میں وٹامن بی، آئرن،بیٹا کیروٹن، اومیگا ۳ پایا جاتا ہے۔

دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے خاص باتیں

۱۔ بچہ کی پیدائش کے بعد سے لے کر دودھ پینے کی عمر تک ماں کو ڈائٹنگ نہیں کرنی چاہئے۔ بلکہ کچھ ماہرین تو یہ تک کہتے ہیں کہ دودھ پلانے والی ماؤں کو گھی اور دیگر ڈیری مصنوعات کا بلا جھجک استعمال کرنا چاہئے۔

۲۔ دودھ پلانے والی ماؤں کو کیلوریز کی فکر نہیں کرنا چاہئے لیکن ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی ورزش کرتے رہنا چاہئے۔

۳۔دودھ پلانے والی ماؤں کو بہت دیر تک خالی پیٹ نہیں رہنا چاہئے۔

۴۔دودھ پلانے والی ماؤں کو بغیر چھلکے والی سبزیاں اور پھل (پالک، گاجر، ٹماٹر، اسٹرابیری، سیب، انگور اور آڑو) اچھی طرح دھو کر کھانی چاہئے۔

۵۔دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے کیفین (چائے،کافی اور کولڈ ڈرنک) کی زائد مقدار نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

۶۔ اگر بچہ کو کسی قسم کی الرجی،انفیکشن ہو (سینی جکڑنا،جلدپر دھبے نمودار ہونا)تو ماں کو (تیز مرچ مصالحے، ٹھنڈا پانی، ٹھنڈے چاول اور چاکلیٹ) جیسے کھانوں کے استعمال میں احتیاط کرنا چاہئے۔ ۷۔ کچے آم، دال،آلو کچے کیلے بچہ کے پیٹ میں گیس پیدا کرتے ہیں اس لئے دودھ پلانے والی ماؤں کو یہ غذائیں نہیں کھانی چاہئیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button