بین الاقوامی خبریںسرورق

خلائی اسٹیشن سے حاکم دبئی کو اماراتی خلاباز سلطان النیادی کا ویڈیو کال

ویڈیو کال کے لیے دبئی کے محمد بن راشد خلائی مرکز پہنچے تھے۔

دبئی 9مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے کے صرف 4 دن بعد ویڈیو کال پر بات کرکے تاریخ رقم کردی۔اس سے قبل شیخ محمد اس ویڈیو کال کے لیے دبئی کے محمد بن راشد خلائی مرکز پہنچے تھے۔ یہ گفتگو ناسا ٹی وی پر براہ راست ویڈیو لنک اپ کے ذریعے نشر کی گئی۔النیادی چار روز قبل فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول پر 24 گھنٹے کے سفر کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں۔وہ اگلے چھ ماہ خلا میں گزاریں گے جو عرب دنیا کا سب سے طویل خلائی مشن ہو گا۔ویڈیو کال کے دوران، شیخ محمد نے النیادی کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ آپ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے ہیں اور آپ کی حفاظت کے لیے خدا کا شکر ہے۔

میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کے نوجوان آپ کو ایک مثال کے طور پر لے رہے ہیں اور آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔شیخ محمد نے خلانورد سے ان مختلف قسم کے تجربات کے بارے میں بھی دریافت کیا جو اس سائنسی مشن کا حصہ ہیں۔النیادی نے جواب دیا کہ وہ ایک دن چاند اور مریخ پر جائیں گے۔ ہمیں اپنے جسم پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات کو بھی سمجھنا ہوگا۔ یہ ان بہت سے تجربات میں سے ایک ہے جو ہم روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ ہم اپنے جسموں پر خلا کے اثرات کی نگرانی کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں ان سے بچنے کے طریقے تلاش کئے جاسکیں۔41 سالہ النیادی، 200 سے زائد تجربات میں حصہ لیں گے جو زمین کے مدار سے باہر زندگی کے امکانات کے لیے تیاری کے ساتھ ساتھ زمینی حیات کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔تجربات میں مائیکرو گریوٹی میں مخصوص مواد کیسے جلتے ہیں، دل، دماغ اور کارٹلیج کے افعال کی نگرانی اور خلائی اسٹیشن کے باہر سے حیاتیاتی نمونے جمع کرنے والی تحقیقات شامل ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button