پنشن یافتگان کی ملک گیر تحریک آج حکومت نے زندگی کے آخری مرحلے میں ہمیں سڑک پر لا کھڑا کردیا
قومی جدوجہد کمیٹی ای پی ایس-95 پنشن یافتگان کو انصاف دلانے کے لیے گزشتہ 7 سالوں سے جدوجہد کر رہی ہے
نئی دہلی ،14مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملک بھر کے لاکھوں پنشن یافتگان ای پی ایس-95 قومی جدوجہد کمیٹی کے بینر تلے ای پی ایف او اور وزارت محنت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ یہ پنشن یافتگان گزشتہ کئی سالوں سے دہلی کے جنتر منتر اور رام لیلا میدان میں مظاہرہ کر چکے ہیں۔ کئی مظاہرین مہاراشٹر میں ضلع مجسٹریٹ آفس کے سامنے بھوک ہڑتال پر بھی بیٹھے ہیں۔قومی تحریک کمیٹی (این اے سی) کے تحت تحریک کر رہے پنشن حاصل کرنے والے ای پی ایف او کی ایمپلائی پنشن اسکیم (ای پی ایس-95) کے تحت کم از کم پنشن بڑھا کر 7500 روپے ماہانہ کرنے کے ساتھ مہنگائی بھتہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی ای پی ایس-95 پنشنرس کو بغیر کسی تفریق کے ہائی پنشن کا متبادل دینے، سبھی ای پی ایس-95 پنشنرس اور ان کے شریک حیات کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے سمیت دیگر مطالبات کر رہے ہیں۔
این اے سی کے کنوینر کمانڈر اشوک راؤت نے کہا کہ ہماری قومی جدوجہد کمیٹی ای پی ایس-95 پنشن یافتگان کو انصاف دلانے کے لیے گزشتہ 7 سالوں سے جدوجہد کر رہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کی قیادت میں وزیر اعظم سے دو بار ملاقات کر چکے ہیں اور پی ایم مودی سے یقین دہانی کے باوجود بھی ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا۔اشوک راوت کا کہنا ہے کہ حکومت عوامی فلاح کے لیے کئی طرح کے پنشن منصوبے مناسب انداز سے چلا رہی ہے، لیکن حکومت کے اصولوں کے ماتحت پنشن فنڈ میں تعاون کرنے کے بعد ہمیں حاشیے پر دھکیل دیا گیا ہے۔ ہمیں خودداری کے ساتھ زندگی جینے کے لیے 1171 روپے کافی نہیں ہیں۔
7500 اور ڈی اے پنشن حاصل کر ہم خود داری سے اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس سنجیدہ ایشو پر کارروائی پارلیمنٹ کے اسی اجلاس میں ہو۔ اگر مطالبات پورے نہیں ہوتے ہیں تو ہم نے طے کر لیا ہے کہ سڑتے سڑتے نہیں بلکہ لڑتے لڑتے مریں گے۔ ہم صرف اپنی خودداری کے لیے لڑ رہے ہیں۔ یہ کوئی سیاسی ایشو نہیں ہے۔ حکومت کو فوراً ہمارے مطالبات پورے کرنے چاہئے۔اشوک راؤت نے مزید کہا کہ یہ بے حد افسوسناک ہے کہ ملک جب آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے، ملک کے بزرگ اپنے حق کے لیے سڑکوں پر اتر کر لڑ رہے ہیں۔ ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے۔



