بین الاقوامی خبریںسرورق

دبئی : اجازت نامہ کے بغیرافطار تقسیم کرنے پر27 ہزارڈالرکا ہوگا جرمانہ

دنیا بھر میں مسلمان افطارکے کھانے میں شریک ہونے کے لیے مساجد میں یا کسی مشترکہ مخصوص جگہ پر جمع ہوتے

دبئی، 21مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دبئی کے جو رہائشی اس سال رمضان کے دوران میں افطارکا کھانا تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،انھیں مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ ایک لاکھ درہم (27,227 ڈالر) کے بھاری جرمانے سے بچنے کے لیے پیشگی اجازت نامہ حاصل کریں۔دبئی میں محکمہ برائے اسلامی امور اورخیراتی سرگرمیاں نے ایک پریس کانفرنس میں عطیہ کردہ کھانے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔رمضان مسلمانوں کے لیے ایک اہم مہینہ ہے ، جس میں دن کے اوقات میں روزہ رکھا جاتا ہے اور افطار کے ساتھ اس کا ختتام ہوتا ہے۔اس سال 22 یا 23 مارچ کو رمضان کے آغازکا امکان ہے۔دنیا بھر میں مسلمان افطارکے کھانے میں شریک ہونے کے لیے مساجد میں یا کسی مشترکہ مخصوص جگہ پر جمع ہوتے ہیں۔بڑے شہروں میں اکثر انھیں مخیر افراد، ریستورانوں یا خیراتی تنظیموں کی طرف سے کھانے عطیہ کیے جاتے ہیں۔

مقدس مہینے میں مسلمان عام طور پرخیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اورکھانے پینے کی اشیاء اور فنڈز کے عطیات کے ذریعے غریبوں کو مدد مہیا کرتے ہیں۔یواے ای کے اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹرمحمد مصعب ضاحی نے مقامی میڈیا کوبتایا کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ بغیراجازت کے کھانا تقسیم کرے گا تو اسے غیر مجازخیراتی عمل سمجھا جائے گا۔اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کوقانونی احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا ، جیسا کہ سال 2015 کے لیے امارت دبئی میں عطیات جمع کرنے کا عمل ریگولیٹ کرنے کے لیے جاری کردہ فرمان میں کہا گیا ہے۔

لائسنس کے بغیر اشتہارات یا عطیات جمع کرنے پر 5000 درہم سے 100000 درہم کے درمیان عائد کیا جائے گا یا کم سے کم ایک ماہ اورزیادہ سے زیادہ ایک سال تک قید کی سزا، یا دونوں میں سے کوئی بھی جرمانہ عاید کیا جاسکتاہے۔اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے، لوگ محکمہ سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان علاقوں اور تاریخ کے بارے میں معلومات فراہم کرسکتے ہیں جہاں وہ کھانا تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سے حکام دوسرے افراد کو مختلف علاقوں میں محفوظ طریقے سے افطار کا کھانا تقسیم کرنے کے لیے رہنمائی کرسکیں گے۔ افطارکے کھانے کی تقسیم کے لیے اجازت نامے کی ضرورت کے فیصلے کا مقصدعطیہ کردہ کھانے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔حکام نے رمضان المبارک کے دوران میں خوراک کی تقسیم سے متعلق ضروری قواعد پرعمل کرنے کی اہمیت پر بھی زوردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button