جمعے کے دن سے خرقہ مبارک کو زیارت کیلئے کھول دیا جائے گا
رحمت دو عالم نبی مکرم پیغمبر آخرالزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا خرقہ مبارک 24 مارچ بروز جمعہ سے زیارت کے لئے کھول دیا جائے گا۔
استنبول، 21مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) رحمت دو عالم نبی مکرم پیغمبر آخرالزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا خرقہ مبارک 24 مارچ بروز جمعہ سے زیارت کے لئے کھول دیا جائے گا۔یہ خرقہ شریف حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیر التابعین، عاشق رسول اور تاجدار اقلیمِ محبت حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ کے لئے تحفتاً چھوڑا تھا۔خرقہ شریف حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے وسیلے سے آگے منتقل ہوا۔
خیرالتابعین کے لقب سے معروف حضرت اویس قرنی نے سن 657 میں حضرت علی رضی اللہ کے ہمراہ جنگ صفین میں شرکت کی اور شہادت پائی۔خرقہ رسول ان کے سلسلہ نسب کی 59 ویں نسل کے ساتھ زمانہ حال تک پہنچا ہے اور 1851 سے اب تک استنبول کی خرقہ شریف جامع مسجد میں محفوظ ہے۔58 ویں اور 59 ویں نسل سے حضرت اویس قرنی کی اولاد اس تحفہ رسول کی دل و جان سے حفاظت کر رہی ہے۔ماہِ رمضان کی مناسبت سے، بروز جمعہ صبح 10 بجے بعد از دعا، خرقہ شریف کو زیارت کے لئے کھولا جائے گا اور پورے ماہِ رمضان میں ہفتے کے معمول کے دنوں میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک خرقہ شریف کی زیارت کی جا سکے گی۔



