سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

معدہ بولتا ہے,گوشت ہضم نہ ہونے کی نشانیاں-ڈاکٹر رحمت اللہ قاسمی

بہت زیادہ گوشت کھانا خطرناک بیماریوں کو جنم دینے کا باعث بنتا ہے

گوشت چاہے اچھی طرح گلا کر پکا ہوا ہو لیکن پھر بھی بہت سے لوگ اسے ٹھیک طرح ہضم نہیں کر پاتے، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ گوشت غذائیت سے بھرپُور ہوتا ہے لیکن غذائی صلاحیتوں کیساتھ ساتھ اس میں قدرتی کیمیکل ٹاکسنز اور سیچوریٹیڈ فیٹ موجود ہوتی ہیں جو اسے ہضم کرنے میں مشکلات پیدا کرتی ہیں۔

بہت زیادہ گوشت کھانا خطرناک بیماریوں کو جنم دینے کا باعث بنتا ہے خاص طور پر ذیابطیس، دل کی بیماریاں اور کینسر جیسی بیماریاں۔ درج ذیل مضمون میں ہم ایسی نشانیوں کو شامل کر رہے ہیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ آپکا نظام انہضام گوشت کو ٹھیک طرح ہضم کرنے میں ناکام ہو رہا ہے لہذا آپ اپنی خوراک پر نظر ثانی کریں۔

قبض

ہر انسان کا نظام انہضام ایک طریقے سے کام نہیں کرتا اور انہضام کی طاقت کا انحصار آپ کے جینز اور روزمرہ کی کھائی جانے والی خوراک پر ہوتا ہے اور جب آپ کوئی ایسا گوشت کا ٹکڑا کھاتے ہیں جس میں چربی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو نظام انہضام کو اسے ہضم کرنے میں کافی وقت لگتا ہے اور اس سے بد ہضمی پیدا ہوجاتی ہے اور قبض پیدا ہوجاتا ہے۔قبض پیدا ہونے کی ایک اور بڑی وجہ سُرخ گوشت میں آئرن کی بڑی مقدار ہے اور چونکہ گوشت میں فائبر نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس لیے یہ ٹھیک طرح ہضم نہیں ہوتا اور قبض پیدا کرتا ہے۔

میڈیکل سائنس کی کچھ تحقیقات کے مطابق سرخ گوشت کا زیادہ استعمال آنت کے کینسر کا باعث بن سکتا ہے اس لیے سرخ گوشت کو ایک حد میں رہتے ہوئے استعمال کریں اور 100 سے 125 گرام تک کی مقدار سے زیادہ نہ کھائیں اور ہفتے میں 2 بار سے زیادہ نہ کھائیں اور گوشت کیساتھ کوشش کریں کہ سبزیاں اور دالیں وغیرہ استعمال کریں تاکہ ان میں موجود فائبر گوشت کو ہضم کرنے میں مدد دے سکے۔

مرض الجوع

اگر آپ کھانا کھانے کے باوجود بھوک محسوس کر رہے ہیں تو یہ نشانی ہے کہ آپ نے بہت زیادہ مقدار میں پروٹین کھائی ہے یعنی گوشت کھایا ہے اور چونکہ ہمارے جسم کو کاربوہائیڈریٹس کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو گوشت میں موجود نہیں ہوتے لہذا خون میں شوگر کی مقدار کم ہوجاتی ہے اور کھانا کھانے کے باوجود بھوک محسوس ہوتی ہے۔

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے

بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے بے نیندی کی وجہ سے پڑ جاتے ہیں لیکن یہ بات پُوری طرح درست نہیں ہے کیونکہ یہ حلقے اس وقت بھی پڑتے ہیں جب جسم گوشت کو ٹھیک طرح سے ہضم نہیں کر پا رہا ہوتا۔گوشت جب ٹھیک طرح ہضم نہ ہو تو اس کے اجزا بغیر ہضم ہُوئے خون میں شامل ہو جاتے ہیں اور ہماری قوت مدافعت ان کو جسم کے لیے نقصان دہ سمجھ کر ان کے خلاف اینٹی باڈیز بنانا شروع کر دیتی ہے جسکی وجہ سے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہوتے ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر

اگر آپ کا بلڈ پریشر ہائی رہنا شروع ہوگیا ہے تو یہ اس بات کی نشانی بھی ہوسکتی ہے کہ آپ بہت زیادہ گوشت کھا رہے ہیں اور چونکہ گوشت کے اندر سوڈیم کی مقدار شامل ہوتی ہے اس لیے یہ ہمارے بلڈ پریشر کو تیز کر دیتا ہے اور اگر چربی والا گوشت ہو تو یہ بھی بلڈ پریشر کو تیز کرنے کا باعث بنتا ہے۔

سانس اور پسینے کی بو

جب معدہ گوشت کو ٹھیک طرح ہضم نہیں کرپاتا تو معدے سے بدبو خارج ہوکر پیسنے کے راستے باہر نکلنا شروع ہوجاتی ہے اور آپ کی سانس میں بھی بدبو پیدا ہو جاتی ہے اور یہ دونوں اس بات کی نشانیاں ہے کہ معدہ گوشت کو برداشت نہیں کر پا رہا۔

قوت مدافعت میں کمی

جب معدہ درست نہ ہو تو یہ قوت مدافعت پر بُری طرح اثر انداز ہوتا ہے۔ گوشت میں ایک خاص قسم کی شوگر جسے نیچرل شوگر کہتے ہیں پائی جاتی ہے اور معدے کے لیے اسے ہضم کرنا آسان نہیں ہوتا اور جب یہ ٹھیک طرح ہضم نہ ہوپائے تو قوت مدافعت اس کے خلاف ایکشن لیتی ہے اور قوت مدافعت کا یہ ایکشن کئی بیماریاں پیدا کر سکتا ہے۔

تھکاؤٹ

اگر آپ نے پیٹ بھر کر گوشت کھایا ہے اور اس کے بعد آپ پر تھکاوٹ طاری ہو گئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ گوشت معدے میں ٹھیک طرح ہضم نہیں ہو پارہا اور جسم کی ساری انرجی اسے ہضم کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور نتیجتاً آپ تھکاوٹ اور سُستی محسوس کرتے ہیں۔

متلی

یہ ہاضمہ درست نہ ہونے کی ایک عام نشانی ہے اور اگر آپ کو گوشت کھانے کے بعد متلی محسوس ہو رہی ہے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا معدہ گوشت کو قبول نہیں کر پارہا اور آپ نے اسے ضرورت سے زیادہ کھایا ہے۔

غبار

سرخ گوشت ایک ایسا کھانا ہے جو ہضم ہونے میں انتہائی دُشوار ہے اور اسکی وجہ اس میں موجود پروٹین ہے جسے ہمارا جسم آسانی سے بریک ڈاون نہیں کرپاتا اور یہ چیز پیٹ میں بلوٹینگ کا باعث بنتی ہے جس سے طبیعت بوجھل محسوس ہونا شروع کر دیتی ہے۔

اگر آپ گوشت کھانے کے بعد اوپر دی گئی نشانیوں میں کوئی ایک یا زیادہ نشانیاں محسوس کررہے ہیں تو اپنی خوراک میں فائبر کا استعمال زیادہ کریں اور گوشت کے بجائے پھل اور تازہ سبزیوں کو ترجیح دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button