
ممبئی:(ای میل) بی جے پی کی مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں کے اختیارات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش رچ رہی ہے۔ گوکہ لاء اینڈ آرڈر کا معاملہ ریاستوں کا ہے اس کے باوجود مرکزی حکومت مغربی بنگال حکومت کے اختیارات کو نقصان پہونچاتے ہوئے مغربی بنگال کے افسران کا تبادلہ کررہی ہے۔ یہ نہایت سنگین معاملہ ہے اور اس معاملے میں مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے محترم شردپوار سے بات چیت کی ہے ۔ اس معاملے میں اگر مزید ضرورت محسوس ہوئی تو پوار صاحب ممتابنرجی سے ملاقات کرنے مغربی بنگال بھی جائیں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی بہبود کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ ممتابنرجی نے اس سنگین معاملے میں شردپوار سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ پوار صاحب جلد ہی دہلی میں تمام اپوزیشن کی پارٹیوں کے سربراہان سے ملاقات کرتے انہیں مرکزی حکومت کی اس انانیت وغیرجمہوری طرزعمل کے خلاف متحد کرنے کی کوشش کریں گے۔ نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت اپنے اقتدار کا غلط استعمال کرتے ہوئے ریاستوں کی منتخب حکومت کو غیرمستحکم اور کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ ریاستی حکومتوں کے اختیارات کو چھیننے کی بھی کوشش کررہی ہے جو کسی طور مناسب نہیں ہے۔ اس معاملے میں پوار صاحب وممتابنرجی نیز دیگر پارٹیوں کے لیڈران سے بات چیت ہوئی ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ پوار صاحب اس پورے معاملے میں کوئی بہتر حکمت عملی تیار کریں گے



