مودی سرنیم معاملہ: راہل گاندھی نے سورت کورٹ پہنچ کر سزا کو کیا چیلنج، 3 مئی کو ہوگی سماعت
سیشن کورٹ نے راہل گاندھی کو دی ضمانت، اگلی سماعت 13 اپریل کو
نئی دہلی،3اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج گجرات کے سورت سیشن کورٹ پہنچے اور ذیلی عدالت کے ذریعہ مودی سرنیم (کنیت) معاملہ پر سنائی گئی 2 سال جیل کی سزا کو چیلنج پیش کیا۔ پیر کے روز راہل گاندھی کے وکیل نے اپیل فائل کی اور پھر اس کے بعد سورت کورٹ نے اس معاملے پر آئندہ سماعت کے لیے 3 مئی کی تاریخ مقرر کی۔ اس درمیان عدالت نے راہل گاندھی کے ضمانت معاملہ پر سماعت کے لیے 13 اپریل کی تاریخ طے کی ہے اور اس وقت تک کے لیے انھیں ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا۔قابل ذکر ہے کہ آج راہل گاندھی کے ساتھ ان کی بہن پرینکا گاندھی کے علاوہ کانگریس حکمراں تین ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان و لیڈران بھی گجرات پہنچے ہیں۔
سبھی راہل گاندھی کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور نچلی عدالت کے ذریعہ دی گئی سزا کو چیلنج کرنے کے حامی ہیں۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو سورت میں موجود ہیں۔ اس موقع پر اشوک گہلوت نے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر بھروسہ ہے۔ ہم یہاں اپنا اتحاد ظاہر کرنے آئے ہیں۔ ہم ملک کو بچانے کے لیے ’ستیہ گرہ‘ کر رہے ہیں۔
ملک دیکھ رہا ہے کہ اندرا گاندھی کے پوتے اور راجیو گاندھی کے بیٹے راہل گاندھی کے ساتھ آج کیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ سورت میں چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ ایچ ایچ ورما کی عدالت نے مودی سرنیم کو لے کر راہل گاندھی کی طرف سے کیے گئے ایک تبصرہ کے سلسلے میں داخل مجرمانہ ہتک عزتی کے مقدمہ میں انھیں 23 مارچ کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 2 سال جیل کی سزا سنائی تھی۔ حالانکہ عدالت نے راہل گاندھی کو اسی دن ضمانت بھی دے دی تھی اور ان کی سزا کے عمل پر 30 دن کے لیے روک لگا دی تھی تاکہ وہ اوپری عدالت میں اپیل داخل کر سکیں۔
’متر کال‘ میں جمہوریت کے تحفظ کیلئے جنگ میں سچائی میرا ہتھیار : راہل گاندھی
نئی دہلی،3اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کے بعد پیر کو کہا کہ وہ ’مترکال‘ کے خلاف اور جمہوریت کو بچانے کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں سچائی ہی ان کا ہتھیار ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ یہ متر کال کے خالف جمہوریت کو بچانے کی لڑائی ہے ۔ اس جدوجہد میں سچائی میرا ہتھیار ہے اور سچائی میرا سہارا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے ٹویٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاکہ جنگجو کبھی نہیں بھٹکتے ، ایک لمحے کے لیے بھی صبر نہیں کھوتے، رکاوٹوں کو گلے لگاتے ہیں،اور کانٹوں سے راستہ نکال لیتے ہیں۔راہول گاندھی نے پیر کو سیشن کورٹ میں مودی سرنیم کے تناظر میں اپنے 2019 کے ریمارکس سے متعلق ہتک عزت کے مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف ایک اپیل دائر کی۔ عدالت نے انہیں ضمانت دے دی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ سیشن عدالت 13 اپریل کو کیس کی سماعت کرے گی۔راہل کو یہاں کی ایک ٹرائل کورٹ نے گزشتہ ماہ قصوروار ٹھہرایا تھا اور اسے دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔



