نیوز چینل میڈیا ون پر پابندی ختم سپریم کورٹ نے کہا، جمہوریت کیلئے پریس کی آزادی ضروری
ملیالم نیوز چینل میڈیا ون کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔
نئی دہلی ،5اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملیالم نیوز چینل میڈیا ون کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ سپریم کورٹ نے سیکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے پر میڈیا ون چینل کے نشریاتی لائسنس کی تجدید سے انکار کرنے والے وزارت اطلاعات و نشریات کے حکم کو کالعدم قرار دے دیا۔ درحقیقت مرکزی حکومت نے وزارت داخلہ کی طرف سے سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے میڈیا ون چینل کے نشریاتی لائسنس کی تجدید کرنے سے انکار کر دیا تھا۔جس کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ سی جے آئی کی سربراہی والی بنچ نے آج اس معاملے پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مضبوط جمہوریت کے لیے آزاد پریس ضروری ہے۔
حکومت کی پالیسیوں پر تنقید اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن کو بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ صحافت کی آزادی پر قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔کسی بھی میڈیا ادارے کے تنقیدی خیالات کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں کہا جا سکتا۔ جب ایسی رپورٹیں لوگوں اور اداروں کے حقوق کو متاثر کرتی ہیں تو مرکز انکوائری رپورٹ کے خلاف مکمل استثنیٰ کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔عوام کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کے لیے قومی سلامتی کا مسئلہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔ کیرالہ کے نیوز چینل میڈیا ون پر پابندی پر سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ میڈیا کا فرض ہے کہ وہ حکام سے سوال کرے اور شہریوں کو سخت حقائق سے آگاہ کرے۔



