فن لینڈ میں اساتذہ کی تربیت کا معاملہ کجریوال حکومت پہنچی سپریم کورٹ، 14 اپریل کوہوگی سماعت
سپریم کورٹ نے کجریوال حکومت کی عرضی پر سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے
نئی دہلی ،6 اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی حکومت نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو فن لینڈ میں تربیت کے لیے بھیجنے کے معاملے میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی مداخلت کو لے کر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کجریوال حکومت کی عرضی پر سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ عدالت معاملے کی سماعت 14 اپریل کو کرے گی۔چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) ڈاکٹر دھننجے یشونت چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پاردی والا کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی دو ججوں کی بنچ نے کہا کہ ہم اس درخواست کی سماعت 14 اپریل کو کریں گے۔ سینئر وکیل ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی، دہلی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ،انہوںنے سپریم کورٹ کو بتایا کہ یہ ٹیچر ٹریننگ پروگرام سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی فیصلہ کر رہے ہیں کہ کس ٹیچر کو بھیجنا ہے، کیسے بھیجنا ہے اور کب بھیجنا ہے۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 14 اپریل کو سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ حال ہی میں دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ نے دہلی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو کچھ شرائط کے ساتھ ٹریننگ کے لیے فن لینڈ بھیجنے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ انہوں نے اپنی طرف سے تربیت کے لیے بھیجے جانے والے کچھ اساتذہ کے ناموں کی منظوری بھی دی تھی۔ انہوں نے تربیت کے لیے فن لینڈ بھیجے گئے پرائمری انچارجز کی تعداد 52 سے بڑھا کر 87 کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ محکمہ تعلیم کے تمام 29 انتظامی حلقوں کے پرائمری انچارجز کی مساوی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔



