جنوبی افریقہ میں دوران پرواز کوبرا سانپ کی موجودگی، جہاز کی ہنگامی لینڈنگ
زہریلا کوبرا سانپ برآمد ہونے پر پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی
کیپ ٹاؤن،7اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)جنوبی افریقہ میں دوران پرواز ایک چھوٹے جہاز کی سیٹ کے نیچے سے ایک زہریلا کوبرا سانپ برآمد ہونے پر پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق روڈولف ارسمس کے ہلکے جہاز میں چار مسافر سوار تھے اور دوران پرواز انہوں نے اپنی کمر کے نچلے حصے میں کوئی چیز محسوس کی۔انہوں نے اے پی کو بتایا کہ میں نے نیچے جھانک کر دیکھا تو بڑے سائز کے ایک کوبرا کا سر سیٹ کے نیچے سے پیچھے کی جانب ہٹ رہا تھا۔یہ ایسا تھا جیسے میرا دماغ نہیں جانتا تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ خود کو پرسکون کرنے کے کچھ دیر بعد میں نے مسافروں کو صورت حال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک لمحے کے لیے جہاز میں خاموشی طاری ہو گئی۔ ہر کوئی پرسکون رہا، خاص طور پر پائلٹ۔روڈولف ایرسمس نے وسطی جنوبی افریقہ کے قصبے ویلکوم میں ہنگامی لینڈنگ کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا۔
انہیں ابھی مزید 10 سے 15 منٹ تک پرواز کرنا تھی اور اپنے پاؤں کے قریب موجود سانپ کو بھی جہاز سے اتارنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میں جہاز کی سیٹ کے نیچے دیکھتا رہا کہ کوبرا کہاں ہے۔ وہ سیٹ کے نیچے خوش تھا۔روڈولف ایرسمس کا مزید کہنا تھا کہ ’اگرچہ مجھے سانپوں سے زیادہ خوف محسوس نہیں ہوتا لیکن میں عام طور پر ان کے قریب بھی نہیں جاتا۔انہوں نے فائر اینڈ ریسکیو کے محکمے کو فون کر کے ہنگامی طور پر اہلکاروں اور سانپ پکڑنے والے افراد کو ایئرپورٹ بھیجنے کے لیے کہا۔ایمینیس خود سب سے پہلے موقعے پر پہنچے اور انہوں نے سب مسافروں کو جہاز سے اْترتے ہوئے دیکھا، جو سب ایرسمس کی وجہ سے محفوظ رہے تھے۔ایمینیس کا کہنا تھا کہ وہ پرسکون رہے اور اس طیارے کو ایک زہریلے کوبرا کی موجودگی کے باوجود بحفاظت لینڈ کروایا۔کیپ کوبرا افریقہ کے سب سے خطرناک کوبرا تصور کیے جاتے ہیں کیونکہ ان کے زہر کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے۔



