نالندہ تشدد معاملہ: پولیس کی سخت کاروائی، ملزمین کے گھر کی قرقی ضبطی کی، ایک ملزم نے کیا سرینڈر
کارروائی کے درمیان کندن کمار نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی ہے۔
نالندہ،8پریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بہار کے نالندہ میں رام نومی جلوس کے دوران پیش آئے تشدد واقعہ پر اب پولیس سخت رخ اختیار کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔پرتشدد تصادم معاملہ میں شامل ملزمین واقعہ کے بعد سے ہی فرار ہو گئے تھے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس نے ہفتہ کے روز ملزمین کے گھر پر قرقی ضبطی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ کارروائی لہیری تھانہ کے تحت گگن دیوان محلہ میں پپو میاں، منا میاں، دیپ نگر تھانہ کے کندن کمار، متھریا محلہ باشندہ کرشنا کمار سمیت 8 فرار لوگوں کے گھر پر کی جا رہی ہے۔
اس کارروائی کے درمیان کندن کمار نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی ہے۔ پولیس فی الحال کندن سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کندن کمار نے ہی رام نومی جلوس کی قیادت کی تھی۔ ان کے گھر پر بھی قرقی ضبطی کی کارروائی پولیس نے شروع کی تھی حالانکہ انھوں نے خود سپردگی کرنے کا فیصلہ کیا۔ فرار ملزمین کے گھر پر قرقی ضبطی کے لیے کثیر تعداد میں پولیس فورس پہنچی ہوئی ہے۔ اس کارروائی سے شر پسندوں میں ہلچل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پولیس لگاتار ملزمین کی گرفتاری کے لیے الگ الگ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے، لیکن اب بھی وہ گرفت سے باہر ہیں۔



