سعودی عرب: عیدالفطرکی تعطیلات کا اعلان
رمضان المبارک کے دوران معتمرین کیلئے مفت بس سروس دستیاب
ریاض،11؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے پیر کے روز باضابطہ طور پرنجی اور غیرمنافع بخش شعبوں کے ملازمین کے لیے عیدالفطر کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ٹویٹرپرایک پوسٹ میں وزارت نے کہا کہ نجی اور غیر منافع بخش شعبوں کے ملازمین عید پرچاردن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔یہ جمعرات 20 اپریل کو کام کے اوقات کے اختتام پر شروع ہوں گی۔لہٰذا ملازمین معمول کے جمعہ اور ہفتہ کے اختتام ہفتہ کے علاوہ چار دن کی طویل تعطیلات سے لطف اندوزہوں گے اور بعض دفاترمیں کام جمعرات،27 اپریل کو دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
عیدالفطر رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام کی علامت ہے۔رمضان کاآغاز23 مارچ کو ہوا تھا۔لیبرقانون کے ایگزیکٹوریگولیشنز کے مطابق ملازمین کو اس سال کے وسط میں ایک مرتبہ پھر طویل تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا اور وہ جون کے آخرمیں عیدالاضحی 4 دن تک منائیں گے۔
رمضان المبارک کے دوران معتمرین کیلئے مفت بس سروس دستیاب
ریاض ،11؍اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ کے صدر اسامہ سمکری نے وضاحت کی کہ سنڈیکیٹ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان معتمرین کو لے جانے کے لیے 800 بسوں کی سروس بحال کردی ہے۔ اعلیٰ تکنیکی خصوصیات کی حامل یہ بسیں انتہائی آرام دہ اور محفوظ ہیں۔ سمکری نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں آٹوموبائل کی جنرل سنڈیکیٹ کی طرف سے معتمرین کو نقل و حمل کی ممتاز خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ ان بسوں کے ذریعہ معتمرین کو بیرونی پارکنگ اور ہوٹلوں کے درمیان منتقل کیا جاتا ہے۔رہائشی منزلوں کو مسجد حرام کے قریبی اسٹیشنوں تک جوڑنے کے لیے زیادہ نشستوں کی گنجائش والی 3000 ہزار بسیں چلائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام حکومتی، سکیورٹی اور خدمات کے اداروں کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی معتمرین اور نمازیوں کو مسجد حرام اور ان کی رہائش گاہوں کے درمیان لے جانے کے آپریشن کو منظم کرتی ہے۔
اسامہ سمکری نے کہا کہ کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ نے عمرہ زائرین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرینڈ مسجد تک لے جانے کے لیے سروس فراہم کرنے میں پہل کی ہے۔اسامہ سمکری نے یہ نشاندہی بھی کی کہ یہ سروس مفت ہے۔ ضیوف الرحمن کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اس سروس کو بہت سے سرکاری اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہے کیونکہ یہ سروس طیارے سے لے کر مکہ مکرمہ میں مسجد حرام تک پہنچانے کا کام کرتی ہے۔ یہ سروس ’’نسک‘‘ یا ’’توکلنا‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ ریزرو کرنے والوں اور سعودی عرب کے باہر سے عمرہ ویزہ کے بغیر آنے والوں کے لیے دستیاب ہے۔اسامہ سمکری کے مطابق رمضان المبارک میں جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ تک ہر روز تیرہ بسیں چلتی ہیں۔ صبح دس سے لیکر رات دس بجے تک ہر گھنٹے میں ایک بس جدہ سے مکہ کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ اسی طرح مکہ سے جدہ کے لیے ہر روز بارہ بسیں چلائی جاتی ہیں۔ صبح گیارہ سے لیکر رات گیارہ بجے تک ہر گھنٹے ایک بس چلائی جاتی ہے۔
ماہ صیام کے آخری عشرہ کی مناسبت سے مسجد الحرام میں خصوصی تیاریاں
ریاض،11؍اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)حرمین شریفین کے امور کی انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدر نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی مناسبت سے المسجد الحرام میں کی جانے والی تیاریوں کا اعلان کردیا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ عازمین عمرہ اور عبادت گزاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انسانی وسائل اور آپریشنل آلات کو متحرک کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ بیت اللہ شریف میں آنے والے ضیوف الرحمن کو پورے سکون کے ساتھ عبادات کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سال مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں آنے والے نمازیوں اور معتمرین کی تعدا د 950 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔رمضان المبارک کے آغاز سے روزانہ مسجد حرام میں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاہا ہے۔ اسی تناسب سے انتظامیہ کے کام کی رفتار میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔
ھانی حیدر نے بتایا کہ ادارہ صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی آخری عشرہ میں مسجد حرام میں جراثیم سے پاک صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے کارروائیاں تیز کردے گا۔رمضان کے آخری عشرہ میں مسجد حرام کو روزانہ 10 مرتبہ دھویا جائے گا۔ 4 ہزار سے زیادہ کارکن اس عمل میں شریک ہوں گے۔ ہر صفائی آپریشن میں 80 ہزار لٹر سے زیادہ صفائی کرنے والا مواد اور 1600 لٹر فریشنر کا استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران تقریبا 15000 لٹر جراثم کش مواد استعمال کیا جائے گا۔24 گھنٹے کام کرنے والی 70 سے زیادہ فیلڈ ٹیموں کو مسجد حرام اور اس کے اطراف کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے لیس کیا گیا ہے۔ 500 سے زیادہ خود کار ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیے جائیں گے۔ھانی حیدر نے بتایا کہ ماہ صیام کے آخری عشرہ کے دوران مسجد حرام میں زم زم کے پانی کی فراہمی کی سہولیات کو بھی دو گنا کر دیا جائے گا۔ ہر روز پانی کے لگ بھگ 2 لاکھ کولرز کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعہ نماز کے مقامات پر رکھا جائے گا۔
سعی کی جگہ ، جناز گاہ اور خصوصی افراد کے ہالز میں ماء زم زم کی 200 سبیلیں لگائی جائیں گی۔شاہ فہد کی توسیع اور شاہ عبداللہ کی توسیع میں عام داخلی راستوں اور سیڑھیوں میں مقدس پانی کے 370 تھیلے فراہم کیے جائیں گے۔ 1400 سے زائد کارکن ماء زم زم کی فراہمی کے لیے سرگرم رہیں گے۔رمضان کے آخری عشرے میں زائرین کو مسجد حرام کے اندر ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ زائرین کی خدمت کے لیے 5 ہزار سے زیادہ باقاعدہ گاڑیاں اور تقریبا 3 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کے ذریعہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کو بہترین سہولت فراہم کی جائے گی۔صدارت عامہ‘‘ نے رمضان المبارک کے موسم میں مسجد حرام کے دروازوں پر 160 سے زیادہ مبصرین کو بھی بھرتی کیا ہے۔ زائرین کے لیے مسجد کے 160 دروازیں کھولے جا جا رہے ہیں۔ دروازوں پر لوگوں کی رہنمائی کے لیے مبصرین موجود رہیں گے۔



