میٹھی عید اور ہمارا معدہ-ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور
عید الفطر آنے والی ہے مسلمان رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد عید الفطر منانے میں مصروف رہتے ہیں۔
عید الفطر آنے والی ہے مسلمان رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد عید الفطر منانے میں مصروف رہتے ہیں۔ پیٹ کے امراض میں مبتلا حضرات کو رمضان المبارک میں روزے کی برکت سے بے حد سکون ملتا ہے اور مریض اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے لیکن جیسے ہی عید آتی ہے تو پیٹ کا نظام خراب ہوجاتا ہے ، جس میں تیل اور دودھ سے بنی اشیاء کا زیادہ دخل ہے، مزید بے احتیاطی اور بے جا استعمال معدے کی خرابی کا سبب بن جاتا ہے ، آج قارئین اردودنیا نیوز کی نذر بڑے حکیم صاحب والد محترم مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی ایم ڈیؒ کے مجربات تحریر کر رہا ہوں۔
معدے کا درد یا وجع المعدہ: بعض اوقات قابض بادی ثقیل غذاؤں کے کھانے سے بدہضمی ہوکر ریاح بکثرت پیدا ہونے لگتی ہے اور وہ تناؤ پیدا کرکے درد کا موجب بن جاتی ہیں۔ بعض دفعہ غذا معدے میں فاسد ہوکر درد کا سبب بن جاتی ہے۔
علاج: اگر معدے کا درد شدید ہو اور کھانا کھائے ہوئے تین گھنٹہ سے کم ہوئے ہوں تو آدھ سیر نیم گرم پانی میں آدھی چھٹانک نمک حل کرکے پلائیں اور حلق میں انگلی ڈال کر قے کرائیں، پیٹ کو گرم پانی سے سینکیں، بوتل میں گرم پانی بھرکر سکائی کریں، قے کرانے کے بعدنمک سلیمانی دو گرام، جوارش کمونی دس گرام میں ملاکر کھلائیں، اوپر سے عرق پودینہ ، عرق الائچی ، عرق گلاب۴۰؍۴۰گرام پلائیں اور رائی تین گرام سرکہ میں پیس کر کپڑے پر لگاکر درد کی جگہ پر لگائیں، پندرہ منٹ کے بعد اتاردیں۔ اگر درد خفیف ہو اور معدے میں غذا بھی موجود نہ ہوتو صرف جوارش کمونی دس گرام کھلائیں، قرص حلتیت دو عدد دو تین گھونٹ نیم گرم پانی سے دیں۔ اگر روزانہ درد رہتا ہو اور قبض کی شکایت بھی ہو تو صبح وشام جوارش کمونی دس دس گرام کھلائیں، بعد غذا پچنول یا حب حلتیت دو دو عدد دیں۔ رات کو سوتے وقت قرص تنکار دو عدد پانی سے کھلائیں۔
غذا: اگر غذا کی خرابی سے درد کی شکایت ہو تو اس کے بعد چوبیس گھنٹے غذا نہ دیں، البتہ بکرے کے گوشت کا شوربا یا مونگ کی پتلی دال پلائیں، ایک دو روز کے بعد چپاتی شوربے میں بھگوکر دیں۔
پرہیز: ہر قسم کی قابض بادی دیر ہضم اور نفاخ غذا مثلاً چنے ، اڑد کی دال، لوبیا، مٹر کی دال، گوبھی، آلو، اروی سے پرہیز کرائیں۔
بھوک نہ لگنا یا کم لگنا: بطلان اشتہاء
علاج: اگر غلبہ صفرا کی وجہ سے بھوک نہ لگتی ہو یا کم لگتی ہو تو صبح وشام زنبیلا چھ چھ گرام یا جوارش عود ترش چھ گرام یا جوارش انارین دس گرام کھلائیں ۔ کھانا کھانے کے بعد قرص ہاضم جدید دو دو عدد یا حب مشتہی دو دو عدد دیں۔ اگر کھٹی ڈکاریں آتی ہوں اور بھوک نہ لگتی ہوتو صبح کو قرص الکلی ایک عدد یا نمک مرگانگ ایک قرص، جوارش جالینوس چھ گرام میں رکھ کر کھلائیں اور یہی دوا شام کو بھی دیں۔ اگر معدے میں رطوبتوں کا غلبہ ہو جن کی وجہ سے طبیعت بدمزہ رہتی ہو اور منہ سے رطوبت بھی خارج ہوتی ہو تو صبح کو قرص خبث الحدید ایک عدد ، جوارش عود شیریں یا جوارش جالینوس چھ گرام میں رکھ کر کھلائیں۔ کھانا کھانے کے بعد جوارش بسباسہ چھ چھ گرام دیں۔ اگر قبض رہتا ہو تو رات کو قرص تنکار دو عدد پانی سے استعمال کرائیں۔
غذا: پہلے ایک دو وقت غذا نہ دیں، اس کے بعد شوربا یخنی مونگ کی دال پلائیں، اس کے بعد شوربا یا مونگ کی دال چپاتی دیں، کھچڑی ساگودانہ ، دلیہ دیں۔ غلبہ صفرا کی وجہ سے بھوک نہ لگتی ہو تو کھانے کے ساتھ زرشک ، املی، انار دانہ، پودینہ کی چٹنی بناکر کھلائیں۔
پرہیز: گرم مصالحہ اور گرم چیزوں اور قابض وبادی چیزوں جیسے چنا، اڑد، لوبیا، اروی، مٹر وغیرہ اور روغنی غذاؤں سے بہر حال پرہیز کرائیں۔
چورن خوش ذائقہ: زیرہ سفید۳۰گرام ، مرچ سیاہ ۳۰گرام، مصری ۵۰گرام، ست لیموں ۶۰ گرام، الائچی خورد ۱۰؍گرام، نمک سیندھا ۳۰گرام، ہینگ ایک گرام بریاں کوٹ پیس کر سفوف بنائیں۔ خوراک دو گرام پانی سے لیں۔ پیٹ کے درد، ریاح، قبض، قے، متلی میں مفید ہے۔
حب مشتہی: گندھک آملہ مدبر ۱۰۰گرام، نوشادر ۱۰۰گرام، سونٹھ ۱۰۰گرام، مرچ سیاہ ۲۰گرام، سہاگہ بریاں ۵۰گرام، ست پودینہ تین گرام، الائچی کلاں ۲۰گرام، لونگ ۱۰گرام، ست لیموں ۲۰گرام، جوا کھار ۲۰ گرام، نمک ۲۰۰ گرام کوٹ پیس کر گولیاں بقدر نخود بنائیں۔
خوراک: دو گولی سے چار گولی تک تازہ پانی یا گرم پانی سے استعمال کریں۔ پیٹ درد، قبض، کھٹی ڈکاریں، کثرت ریاح، بادی بواسیر گیس میں مفید ہے۔ معدہ و آنتوں کو طاقت پہنچا کر غذا کو صحیح ہضم کرتی ہے۔ بھوک لگاتی ہے، غذا کے فساد کو دور کرتی ہے۔ عورت مرد بچوں کو یکساں مفید ہے۔ قے متلی کو بھی فوری فائدہ مند ہے۔
حب قبض کشا: سونٹھ۱۰؍گرام، ایلوا پچاس گرام، سقمونیا ۳گرام،سناء ۵۰گرام، مغز تخم ارنڈ ۱۰؍گرام، ارنڈ ۱۰؍گرام، ہیڑ ۱۰؍گرام، بہڑہ ۱۰؍گرام کوٹ پیس کر گولیاں نخود بنائیں۔ خوراک ایک گولی سے دو گولی تک گرم پانی سے سوتے وقت رات کو استعمال کریں۔ دائمی قبض نزلہ میں مفید ہے۔
عرق ہاضم حیات: گل سرخ ۵۰گرام، سونف ۱۰۰گرام، زیرہ ۱۰۰گرام، پودینہ۱۰۰گرام، ادرک۱۰۰گرام، الائچی کلاں۱۰۰گرام، آٹھ بوتل کشید کریں۔ خوراک:۴۰گرام ۔ پیٹ درد، قبض، جی متلانا، قے میں مفید ہے۔سفوف معدہ: پودینہ خشک، سونف، کشنیز ، دارچینی، مصری ہم وزن لے کر سفوف بنائیں۔ خوراک: تین گرام ہمراہ پانی تازہ۔ کھانا کھانے کے بعد استعمال کریں۔ ہاضم طعام ومقوی معدہ ہے۔
محافظ معدہ: بالچھڑ، الائچی خورد، تج، دارچینی، خولنجان، لونگ، ناگر موتھا، سونٹھ، چوب چینی، مرچ سیاہ، پیپل، قسط شیریں، جاوتری سارون، چرائتہ شیریں، کندر، ہر ایک دس گرام۔ نبات سفید ۵۰گرام میں معجون بنائیں۔ خوراک چھ چھ گرام صبح وشام آنتوں اور معدے کو طاقت دیتا ہے۔ کثرت ریاح میں مفید اور ہاضم طعام ہے۔
نوٹ: عید کے موقع پر دودھ سے بنی اشیاء کا استعمال کریں لیکن رات کے موقع پر مقدار نہایت مختصر ہو، اور مسالوں سے تیار اشیاء بھی مناسب مقدار میں استعمال کریں گے تو ان شاء اللہ معدے کو نقصان نہ ہوگا۔



