بین الاقوامی خبریں

ایلون مسک آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپنی بنانے کیلئے تیار

مشہور AI لینگویج ماڈل ChatGPT کا حریف تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیویارک،15 اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی اور ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپنی بنانے کے لیے تیار ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک کسی بھی وقت اس کمپنی کے بارے میں اعلان کرسکتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے تحقیق کرنے کے لیے 2 افراد کو نوکری پر بھی رکھ لیا ہے۔رپورٹس کے مطابق X.AI نامی کمپنی کے بارے میں مکمل تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے ،تاہم پچھلی رپورٹس بتاتی ہیں کہ ایلون مسک کی AI ماڈلز بنانے پر توجہ مرکوز ہے اور وہ مشہور AI لینگویج ماڈل ChatGPT کا حریف تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنے اس نئے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے بات چیت بھی کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایلون مسک اکثر ہی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) کے خطرات کے بارے میں اپنی آواز اٹھاتے نظر آتے ہیں تاہم اس مرتبہ اس حوالے سے کمپنی بنانے پر لوگ حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ایلون مسک سمیت سیکڑوں ماہرین نے ایک خط پر دستخط کیے تھے ،جس میں کم از کم 6 ماہ کے لیے اے آئی سسٹمز کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button