سرورققومی خبریں

اڈیشہ : سنبل پور میں تازہ تشدد کے بعد کرفیو نافذ انٹرنیٹ خدمات بھی مزید 2 دن کے لیے معطل کردی گئیں

بھونیشور،15 اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اڈیشہ کے سنبل پور شہر میں تازہ تشدد کے درمیان ضلع انتظامیہ نے غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ انٹرنیٹ خدمات بھی مزید دو دنوں کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ سنبل پور صدر کے ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ پرویش چندر دنڈسینا نے موجودہ حالات کی جانکاری کی بنیاد پر جمعہ کی دیر شب کرفیو کا حکم جاری کر دیا۔ ڈی آئی جی (نارتھ سنٹرل رینج) برجیش کمار رائے نے کہا کہ جمعہ کی شب کچھ دکانوں میں آگ لگا دی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس لیے انتظامیہ نے شہر میں تشدد کے بعد امن کی بحالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا۔حکم میں کہا گیا ہے کہ امن یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144(1) سی آر پی سی کے تحت کرفیو کی حالت قرار دی جاتی ہے، جس میں کوئی بھی شخص یا لوگوں کا گروپ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلے۔

دھنوپالی، کھتیراج پور، اینتھاپالی، بریئی پالی، سدرا اور ٹاؤن کے چھ تھانہ حلقوں میں فوری اثر سے اور ا?ئندہ حکم تک کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ کرفیو کی مدت کے دوران کسی بھی شخص یا لوگوں کے گروپ کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔حالانکہ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو صبح 8 بجے سے 10 بجے اور دوپہر 3.30 بجے سے شام 5.30 بجے کے دوران ضروری چیزوں کی خرید کرنے کی اجازت دی ہے۔ ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ نے تنبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھی توجہ دی جانی چاہیے کہ مذکورہ بالا حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ سنبل پور کلکٹر اننیا داس نے لوگوں سے کرفیو پر عمل کرنے اور گھر سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو بہت ضروری پڑنے پر دو بار باہر نکلنے کی چھوٹ دی گئی ہے جس کے دوران وہ آ جا سکتے ہیں۔

کلکٹر نے عوام سے کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان کی جانکاری میں کچھ آتا ہے تو وہ مقامی پولیس تھانہ کو مطلع کر سکتے ہیں۔ کرفیو کی مدت کے دوران ایمبولنس اور فائر سروس جیسی ایمرجنسی خدمات کو آمد و رفت کی اجازت ہے۔ صحت سے متعلق مدد کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 7655800760 جاری کیا گیا ہے۔ داس نے کہا کہ اتوار کو ہونے والے امتحانات پر جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔ انھوں نے موجودہ حالات کو غیر معمولی بتاتے ہوئے ایک بار پھر لوگوں سے ضلع انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔ اس درمیان ریاستی حکومت نے سنبل پور ضلع میں 17 اپریل کو صبح 10 بجے تک 48 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ کی معطلی بڑھا دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button