اب مدھیہ پردیش میں بھی ہوگا مبینہ غیرقانونی’مدرسوں کا سروے
شیوراج سنگھ یوگی آدتیہ ناتھ کے نقش قدم پر
بھوپال، یکم مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے مبینہ‘غیر قانونی’مدارس اور دیگر اداروں کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے جہاں ان کے بقول بنیاد پرستی کی تعلیم دی جاتی ہے_ رپورٹ کے مطابق بھوپال میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورچوئل میٹنگ میں چوہان نے تمام 52 اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ غیر قانونی مدارس اور بنیاد پرستی کی تعلیم دینے والے اداروں کا جائزہ کیاجائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تعصب اور انتہا پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا سمیت سینئر عہدیداروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے پولیس افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر متعصبانہ خیالات پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے، میٹنگ میں شریک ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایاکہ چیف منسٹر کی بنیاد پرستی کی سرگرمیوں پر خاص توجہ مرکوز تھی۔ اہلکار نے کہا، پولیس اہلکاروں سے کہا گیا کہ وہ غیر قانونی مدارس اور دیگر اداروں پر کڑی نظر رکھیں جہاں طلباء کو بنیاد پرست بننے کی تعلیم دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش اتر پردیش اور آسام کے بعد تیسری ریاست ہے جس نے مدارس یا اسلامی مذہبی اسکولوں کے جائزے کا حکم دیا ہے۔ ریاست میں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔
اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان کے کے مشرا نے کہا: ”وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ غیر قانونی مدارس اور اداروں کا جائزہ لیا جائے جہاں بنیاد پرستی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہیں یہ سمجھنے میں 18 سال لگے۔ اس کا مطلب ہے کہ مدھیہ پردیش میں انٹیلی جنس ناکام ہو گئی ہے۔چوہان کو نشانہ بناتے ہوئے مشرا نے کہا: ’’آپ وکاس پورش ہیں۔ برائے مہربانی ترقی پر ووٹ مانگیں… مندروں، مساجد، مدرسوں، قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کی بات کیوں کر رہے ہیں؟ کیا وزیر اعلیٰ انتہا پسندی کی بات کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی کریں گے؟



