کرناٹک ایگزٹ پول: ہوسکتا ہے بھاجپا کیلئے ’فالِ بد‘ ثابت ۳؍ سروے میں کانگریس کا’ پنجہ‘ سب پر بھاری ، ایک میں بھاجپا آگے
جے ڈی ایس کے بغیر کانگریس یا بی جے پی کی حکومت نہیں بنے گی۔
نئی دہلی،۱۱؍مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)اس بار 5 ایگزٹ پولز میں سے ایک میں بی جے پی کی حکومت بن رہی ہے۔ جب کہ کانگریس تین سروے پول میں سب سے بڑی پارٹی بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ یعنی اکثریتی اعداد و شمار سے 5 سے 10 سیٹیں دور۔4سروے میں جے ڈی ایس کو 21 سے 33 سیٹوں کے ساتھ کنگ میکر بتا رہے ہیں۔ یعنی 2018 کی طرح ایک بار پھر جے ڈی ایس کے بغیر کانگریس یا بی جے پی کی حکومت نہیں بنے گی۔پول آف پولز کے مطابق بی جے پی کو 98، کانگریس کو 99، جے ڈی ایس کو 24 اور دیگر کو 3 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ حکومت بنانے کے لیے 113 ایم ایل ایز کی ضرورت ہے۔ انڈیا ٹی وی کے مطابق کسی کے لیے کوئی واضح اکثریت نہیں ہے۔پول کے مطابق کانگریس 105 سیٹوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی پارٹی بن سکتی ہے۔
بی جے پی 85 اور جے ڈی ایس 32 سیٹیں جیت سکتی ہے۔ یعنی اکثریت کسی کے پاس نہیں ہے۔ یہ سروے 6 مئی کو کیا گیا تھا۔ اس میں 112 نشستوں کے لیے 11 ہزار 200 افراد سے بات چیت کی گئی۔جب کہ اے بی پی نیوز-سی ووٹر میں کانگریس کو 110 سے 122 سیٹیں، بی جے پی کو 73 سے 85 اور جے ڈی ایس کو 21 سے 29 سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یعنی کانگریس کی حکومت بنتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
سروے میں 73 ہزار لوگوں کی رائے ہے۔ 44% لوگوں نے کانگریس کو ووٹ دیا، جب کہ 32% لوگوں نے بی جے پی کی حکومت بننے کی پیش گوئی کی۔ 31 فیصد لوگوں نے بیروزگاری کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔وہیں بھاجپا کے مقرب ٹی وی چینل زی نیوز-میٹرکس کے سروے میں بی جے پی کو 103 سے 118 سیٹیں، کانگریس کو 82 سے 97 سیٹیں اور جے ڈی ایس کو 28 سے 33 سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔تمام اعداد و شمار سروے میں شامل ایجنسیوں کے ہیں۔



