حضرت نظام الدین اسٹیشن کا نام بدلنے کا مطالبہ کردیا
فرقہ پرستوں سے محبوب ِ الٰہی بھی برداشت نہیں!
نئی دہلی، 15مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے ایک سماجی کارکن نے مرکزی حکومت سے قومی راجدھانی کے حضرت نظام الدین اولیاء کے اسم گرامی سے منسوب حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن hazrat nizamuddin station کا نام بدل کر اندر پرستھ نگر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مدھیہ پردیش کے ستنا کے ایک حق اطلاعات (آر ٹی آئی) کارکن راجیو کمار کھرے نے پی ایم مودی کو خط لکھ کر مذکورہ درخواست کی ہے۔ خط کی ایک کاپی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر ریلوے اشونی وشنو کو بھی بھیجی گئی ہے۔
خط میں ذکر کیا گیا ہے کہ مہابھارت کے دور میں، جہاں آج دہلی ہے، اسے پانڈوؤں نے اندر پرستھ نگر کے نام سے قائم کیا تھا۔ آج دہلی میں اندر پرستھ کو یاد کرنے کے لیے کوئی قابل ذکر یادگار نہیں ہے۔ اس لیے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر اندر پرستھ نگر کرنے سے پانڈو دور کے نام کا وجود قائم ہو سکے گا۔خیال رہے کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں کئی مقام اور ریلوے اسٹیشن کا نام بدلا جاچکاہے ، جس میں الٰہ آباد، مغل سرائے جیسے مقامات سرفہرست ہیں۔



