قومی خبریں

’ آپ کے الیکشن نہ لڑنے کے عزم کا استقبال ہے‘،محبوبہ مفتی کے بیان پر کمار وشواس کا طنز

کمار وشواس نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کے بیان پر طنز کیا

نئی دہلی،22مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سابق سیاستداں اور ’ہندی شاعر‘ کمار وشواس نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کے بیان پر طنز کیا ہے۔ کمار وشواس نے کہا کہ ہم آپ کے اس فیصلے کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں، آپ اپنی آخری سانس تک اس فیصلے پر قائم رہیں۔اتوار کو بنگلورو میں پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے مودی حکومت کو نشانہ بنایاتھا۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ میں آرٹیکل 370 بحال ہونے تک اسمبلی انتخابات نہیں لڑوں گی، تاہم انہوں نے کہا کہ میری پارٹی الیکشن لڑے گی۔محبوبہ نے مزید کہا تھا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت وفاقیت کی بہترین مثال ہے، لیکن آرٹیکل 370 کو ختم کرکے ریاست کو تقسیم کیا گیا اور اسے غیر مؤثر کردیا گیا۔

محبوبہ مفتی کے اس بیان پر ڈاکٹر کمار وشواس نے طنزیہ ٹویٹ کیا۔ کمار وشواس نے لکھاکہ آنٹی ہم آپ کے اس فیصلے کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔آپ آخری سانس تک اپنے اس فیصلے پر قائم رہیں۔ اپنے بچوں کو بھی بتائیں کہ آپ کے اس فیصلے کو آگے بڑھائیں۔ کشمیر کے لوگ کشمیر کی خوشحالی کے لیے آپ کی اور آپ جیسے دونوں خاندانوں کی اس بے مثال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

محبوبہ مفتی ہفتہ کو کرناٹک میں کانگریس کی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے یہاں پہنچی تھیں۔ اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ دہلی میں جو کچھ ہوا وہ سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کوئی اپوزیشن نہیں چاہتی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ دہلی حکومت کو بے اختیار کر دیا گیا ہے۔ سب کے ساتھ یہی ہونے والا ہے۔پی ڈی پی سربراہ نے کہا کہ کرناٹک نے بھی پچھلے پانچ سالوں سے نفرت اور فرقہ وارانہ سیاست کو برداشت کیا ہے۔ اس سب کا سامنا کرنے کے بعد ریاست کے عوام نے جمہوریت کو دوسرا موقع دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button