ترکیہ سپریم الیکشن کمیشن نے حتمی صدارتی نتائج کا اعلان کردیا
سپریم الیکشن کمیشن کے چیئرمین احمد ینر نے صدارتی انتخابات کے دوسرے راؤنڈسے متعلق حتمی نتائج کا اعلان کردیا
انقرہ ،یکم جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سپریم الیکشن کمیشن کے چیئرمین احمد ینر نے صدارتی انتخابات کے دوسرے راؤنڈسے متعلق حتمی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ینر نے کہا ہے کہ دوسرے راؤنڈ کے صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق رجب طیب ایردوان نے 52.18 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف کمال کلچ دارا ولو کو 47.82 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔سپریم الیکشن کمیشن کے چیئرمین ینر نے کہا کہ 28 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوسرے راؤنڈ کے حتمی نتائج کو شا ئع کرنے کے لیے سرکاری گزٹ کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔
ترکیہ اپنے اہداف حاصل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گا: صدر ایردوان
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ترکیہ اپنے اہداف تک نہیں پہنچ جاتا۔اس کے لیے ایگزیکٹو، مقننہ اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی کا تعاون قائم کرنا بہت ضروری ہے۔صدر ایردوان نے ان خیالات کا اظہار دارالحکومت انقرہ میں ایوان صدر کے کانفرنس ہال میں کورٹ آف اکاؤنٹس کی 161 ویں سالگرہ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوریت پختگی کی اس سطح پر پہنچ چکی ہے جس پر آج پوری دنیا رشک کرتی ہے۔
صدر نے کہا کہ ترکی آج عالمی سیاست کی پیروی کے ساتھ یہاں تک پہنچا ہے اور وہ ہر میدان میں کامیابی سے آگے بڑھتا جا رہا ہے۔صدرایردوان نے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ،جب تک ترکیہ اپنے اہداف تک نہیں پہنچ جاتا۔ اس کے لیے ایگزیکٹو، مقننہ اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی کا تعاون قائم کرنا بہت ضروری ہے۔



