امریکی صدر بائیڈن پھر لڑکھڑاہٹ کے شکار ،گھٹنوں کے بل گر گئے
امریکی معمر ترین صدر اس مرتبہ گھٹنوں کے بل ہی گر گئے۔
واشنگٹن،2 جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی صدر جو بائیڈن پھر لڑکھڑا گئے، امریکی معمر ترین صدر اس مرتبہ گھٹنوں کے بل ہی گر گئے۔ جمعرات کو 80 سالہ صدر کولوراڈو میں ایئر فورس اکیڈمی کے گریجویٹس کو سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے دوران پوڈیم سے ٹھوکر کھا کر گھٹنوں کے بل گر گئے۔بائیڈن نے ملٹری اکیڈمی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران تقریر کی۔ انہوں نے ابھی ایک گریجویٹ سے مصافحہ کیا تھا اور اپنی سیٹ پر واپس آنے ہی والے تھے کہ وہ زمین پر گر پڑے۔ ایئر فورس کے اہلکار بائیڈن کو دوبارہ کھڑا ہونے میں مدد کے لیے دوڑ پڑے۔
بظاہر کھڑا ہونے کے لیے بائیڈن کو مزید کسی مدد کی ضرورت نہیں پیش آئی۔امریکی صدر کھڑے ہوئے تو انہوں نے ایک ایسی چیز کی طرف اشارہ کیا جس سے لگتا تھا کہ وہ اس چیز سے اٹک کر پھسلے ہیں۔ یہ شے ایک چھوٹے سے سیاہ ریت کے تھیلے کی طرح دکھائی دے رہی تھی۔واقعہ کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر بین لا بولٹ نے ٹویٹ کیا کہ بائیڈن بالکل ٹھیک ہے۔ جب وہ فارغ التحصیل افراد کے ساتھ مصافحہ کر رہے تھے تو پوڈیم پر ایک سینڈ بیگ موجود تھا۔ بعد ازاں بائیڈن نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دینے کے لیے رکے بغیر طیارے میں واپس واشنگٹن چلے گئے۔یہ واقعہ امریکہ کے معمر ترین صدر کی عمر کے بارے میں مزید تشویش پیدا کر رہا ہے کیونکہ بائیڈن دوسری مدت کے لیے الیکشن لڑنے کے بھی خواہش مند ہیں۔



