کینیڈا میں زیرتعلیم 700 ہندوستانی طلبا ء کو ’ڈی پورٹ‘ کا سامنا
کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے گئے تقریباً 700 ہندوستانی طلبا وہاں پر ’ڈیپورٹ‘ یعنی ملک سے نکالے جانے کا سامنا کر رہے ہیں
نئی دہلی ،7جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے گئے تقریباً 700 ہندوستانی طلبا وہاں پر ’ڈیپورٹ‘ یعنی ملک سے نکالے جانے کا سامنا کر رہے ہیں۔ان طلبا میں بیشتر پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔ طلبا کے سامنے پیدا اس مسئلہ کو دیکھتے ہوئے پنجاب این آر آئی وزیر کل دیپ سنگھ دھالیوال نے مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو ایک خط لکھ کر مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ کل دیپ سنگھ نے اس سلسلے میں جئے شنکر سے ملاقات کے لیے وقت بھی مانگا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 700 سے زائد ہندوستانی طلبا کناڈا میں ڈیپورٹ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان سبھی طلبا کو کناڈا حکومت کی طرف سے امیگریشن نوٹس جاری کیا گیا ہے جس کی طلبا مخالفت کر رہے ہیں۔ پنجاب این آر آئی وزیر نے کہا کہ سبھی طلبا بے قصور ہیں اور ان کی کوئی غلطی نہیں ہے۔
کلدیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ طلبا کو جعلسازوں کے گروہ کی طرف سے دھوکہ دیا گیا ہے۔دراصل کناڈائی افسران نے جانچ میں پایا کہ جن تعلیمی اداروں میں ہندوستانی طلبا پڑھ رہے تھے، ان کے ایڈمٹ کارڈ نقلی تھے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبا کی طرف سے داخلہ کے وقت جمع کرائے گئے دستاویزات بھی نقلی پائے گئے۔ یہ معاملہ مارچ میں اس وقت سامنے آیا جب ان طلبا نے کنیڈا میں مستقل رہائش کے لیے درخواست دی۔بہرحال کل دیپ سنگھ دھالیوان کا کہنا ہے کہ انھوں نے وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔ ملاقات ہونے پر پورے معاملے سے انھیں مطلع کرایا جائے گا۔



