سرورققومی خبریں

ساحلِ گجرات پر ’ بائپر جوئے ‘نے دی دَستک 442 گاؤں میں الرٹ، 74 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل

بائپر جوائے نامی گردابی طوفان نے گجرات اور سوراشٹر کے ساحل پر اپنی دستک دے دی

گاندھی نگر،15جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بائپر جوائے نامی گردابی طوفان نے گجرات اور سوراشٹر کے ساحل پر اپنی دستک دے دی ہے۔ اس کی وجہ سے کچھ اور سوراشٹر میں لینڈ فال شروع ہو گیا ہے جو آدھی رات تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے موہا پاترا نے بتایا کہ یہ 115-125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہا ہے۔ ادھر سوراشٹرا اور کچھ میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔آئی ایم ڈی نے بتایا کہ طوفان سے ٹکرانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق یہ عمل تین سے چار گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھوی، این ڈی آر ایف کے ڈی جی اور دیگر بچاؤ ٹیم کے سربراہوں کے ساتھ بائپر جوئے کے حوالے سے میٹنگ کی۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے علاوہ فوج، فضائیہ، بحریہ اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو طوفان کے حوالے سے تعینات کیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ فوج نے بھج، جام نگر، گاندھی دھام کے ساتھ ساتھ نالیہ، دوارکا اور مانڈوی میں 27 امدادی ٹیمیں آگے کی جگہوں پر تعینات کی ہیں۔ اس کے علاوہ فضائیہ نے وڈودرا، احمد آباد اور دہلی میں ایک ایک ہیلی کاپٹر کو تیار رکھا ہے۔ بحریہ نے ریسکیو اور ریلیف کے لیے اوکھا، پوربندر اور باکاسور میں 10-15 ٹیمیں تعینات کی ہیں۔

بائپر جوائے ممکنہ نقصان کے پیش نظر مرکزی اور ریاستی حکومت کے ساتھ انتظامیہ بھی راحت اور بچاؤ کے کام کی تیاریوں میں مصروف ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) محسن شاہدی کے مطابق، گزشتہ دو دنوں میں گجرات کے ساحلی علاقوں سے 74000 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق طوفان کی وجہ سے 8 اضلاع کے 442 نشیبی دیہات سیلاب اور بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔صرف کچھ میں تقریباً 34300 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس کے بعد جام نگر میں 10000، موربی میں 9243، راجکوٹ میں 6089، دیو بھومی دوارکا میں 5035، جوناگڑھ میں 4604، پوربندر میں 3469 اور گر سومناتھ میں 1605 لوگوں کو منتقل کیا گیا ہے۔این ڈی آر ایف نے طوفان سے نمٹنے کے لیے گجرات اور مہاراشٹرا میں ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ گجرات میں 18 ٹیمیں متحرک رہیں گی۔

اس کے علاوہ دادر اور نگر حویلی کے ساتھ ساتھ دمن اور دیو میں بھی ایک ٹیم موجود رہے گی۔ گجرات کی بات کریں تو این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں گجرات کے کچھ ضلع میں، تین ٹیمیں راجکوٹ اور تین دوارکا میں تعینات کی گئی ہیں۔گجرات کے جام نگر میں دو ٹیمیں، پوربندر، جوناگڑھ، گر سومناتھ، موربی، ولساڈ اور گاندھی نگر میں ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ مہاراشٹر کی بات کریں تو یہاں 14 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ اس میں سے 5 کو ممبئی میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ باقی کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔

ہر ٹیم میں تقریباً 35-40 ملازمین ہوتے ہیں۔ سبھی درختوں اور کھمبوں کو کاٹنے والے، کشتیوں اور بنیادی ادویات سے لیس ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کو بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں بہت زیادہ حرکت ہوگی۔ سمندر میں 9 فٹ سے 20 فٹ تک طوفانی لہریں اٹھیں گی۔ سمندر میں بلند لہر آنے سے ساحلی علاقوں میں بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button