پی ایم مودی مصربھی جائیں گے،مسجد الحاکم کی کریں گے ’زیارت‘
پی ایم مودی اپنا دورہ امریکہ ختم کرنے کے بعد 24 جون کو مصر روانہ ہوں گے۔
نئی دہلی ، 20جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) پی ایم مودی اپنا دورہ امریکہ ختم کرنے کے بعد 24 جون کو مصر روانہ ہوں گے۔ یہ 1997 کے بعد کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا مصر کا پہلا دورہ ہوگا۔ نیزیہ پی ایم مودی کا مصر کا پہلا دورہ بھی ہے۔ اس دورے میں وہ 11ویں صدی کی مشہور الحاکم مسجد بھی جائیں گے۔ خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد وہ ہیلیو پولس وار قبرستان کا دورہ کریں گے جہاں پہلی عالمی جنگ کے دوران مصر کے لیے لڑتے ہوئے جان گنوانے والے ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔خیال رہے کہ حال ہی میں مصری صدر نے بھارت کے یوم جمہوریہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مصر میں موجود ہندوستانیوں سے بات چیت کریں گے اور مصر میں کچھ اہم شخصیات سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کے اگلے دن کا آغاز الحاکم مسجد کے دورے سے ہوگا۔ یہ گیارہویں صدی کی شاندار مسجد ہے جس کی تزئین و آرائش بوہرہ برادری نے کی تھی۔ بوہرہ برادری سے وزیر اعظم مودی کے تعلقات ہمیشہ سے خوشگوار رہے ہیں۔ الحاکم مسجد کی بنیاد فاطمی خلیفہ العزیز باللہ نزار نے سنہ 990 میں رکھی تھی اور اس کی تکمیل ان کے بیٹے الحاکم با کے دور میں 1013 میں ہوئی۔ اسے مصر کی قدیم ترین اسلامی یادگاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔



