
بیوی سے جسمانی رشتہ بنانے سے انکار ہندو میرج ایکٹ میں ظلم، IPC کے تحت جرم نہیں: کرناٹک ہائی کورٹ
شوہر کی طرف سے جنسی تعلقات سے انکار ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت ظلم ہے ؛لیکن آئی پی سی کی دفعہ 498A کے تحت نہیں
بنگلور، 20جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ایک شوہر کی طرف سے جنسی تعلقات سے انکار ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت ظلم ہے ؛لیکن آئی پی سی کی دفعہ 498A کے تحت نہیں۔کرناٹک ہائی کورٹ(Karnataka HC) نے ایک حالیہ فیصلے میں یہ بات کہی ہے۔ یہ کہتے ہوئے، عدالت نے ایک شخص اور اس کے والدین کیخلاف اس کی بیوی کی طرف سے 2020 میں دائر فوجداری مقدمے میں کارروائی کو رد کر دیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق شوہر نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اس کے اور اس کے والدین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 498A اور جہیز پر پابندی ایکٹ 1961 کی دفعہ 4 کے تحت دائر کی گئی چارج شیٹ کو چیلنج کیا تھا۔
جسٹس ایم ناگاپراسنا نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف صرف ایک الزام یہ تھاہے کہ وہ ایک مخصوص روحانی حکم کا پیروکار ہے۔ اس کا ماننا تھا کہ محبت کبھی جسمانی نہیں ہوتی، یہ روح سے روح تک ہونی چاہیے۔عدالت نے کہا کہ اس کا ”اپنی بیوی کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے کا کبھی ارادہ نہیں تھا، جو بلاشبہ ہندو میرج ایکٹ کے سیکشن 12(1)(a) کے تحت شادی میں داخل ہونے کی وجہ سے ظلم کے مترادف ہوگا؛ لیکن یہ ظلم کے دائرے میں نہیں آتا جیسا کہ آئی پی سی کی دفعہ 498A کے تحت بیان کیا گیا ہے۔اس جوڑے کی شادی 18 دسمبر 2019 کو ہوئی لیکن بیوی صرف 28 دن تک اپنے سسرال میں رہی۔ اس نے 5 فروری 2020 کو سیکشن 498A اور جہیز ایکٹ کے تحت پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس نے فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ کی دفعہ 12(1)(a) کے تحت ایک کیس بھی دائر کیا تھا، جس میں ظلم کی بنیاد پر شادی کو رد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تگا، یہ کہتے ہوئے کہ یہ شادی مکمل طور پر نہیں ہوئی تھی۔



