بین الاقوامی خبریںسرورق

ڈیموکریٹک ارکان کا بائیڈن کو مکتوب : پی ایم مودی سے انسانی حقوق کے معاملات پر بات کریں

خط کے مطابق ہم امریکہ اور بھارت کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اور یہ دوستی ہمارے بہت سے مشترکہ مفادات ہی نہیں،

نیویارک، 21جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)امریکہ کی حکمراں جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے 75 ارکان نے منگل کو بذریعہ خط صدر جو بائیڈن پر زور دیا ہے کہ وہ واشنگٹن کا سرکاری دورہ کرنے والے ہندوستانی پی ایم مودی کے ساتھ انسانی حقوق کے معاملات پر بات کریں۔امریکی قانون سازوں نے کہا ہے کہ وہ بھارت میں مبینہ طور پر مذہبی عدم رواداری، پریس کی آزادی، انٹرنیٹ تک رسائی اور سول سوسائٹی کے گروپوں کو ہدف بنانے کے بارے میں فکر مند ہیں۔سینیٹر کرس وان ہولن اور پرمیلا جے پال کی قیادت میں بھیجے جانے والے اس خط میں بائیڈن پر زور دیا گیا ہے کہ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی اور تعاون کے متعدد امور پر بات چیت کے ساتھ انسانی حقوق، میڈیا کی آزادی، مذہبی آزادیوں جیسے معاملات پر بھی بات کریں جو امریکی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہم کسی مخصوص بھارتی رہنما یا سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے کیوں کہ یہ بھارت کے لوگوں کا فیصلہ ہے لیکن ہم ان اہم اصولوں کی حمایت میں کھڑے ہیں جنہیں امریکی خارجہ پالیسی کا بنیادی حصہ ہونا چاہیے۔مودی منگل کو دورے کے لیے امریکہ پہنچے ہیں اور جمعرات کو ان کی امریکی صدر جو بائیڈن سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات شیڈول ہے۔ ان کے اس دورے کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک سنگ میل سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ نریندر مودی 2014 میں بھارت کے وزیرِ اعظم بننے کے بعد سے پانچ بار امریکہ جا چکے ہیں لیکن ان کا موجودہ دورہ مکمل سفارتی حیثیت کے ساتھ پہلا دورہ ہے، جسے امریکہ میں اسٹیٹ وزٹ کہا جاتا ہے۔

خط کے مطابق ہم امریکہ اور بھارت کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اور یہ دوستی ہمارے بہت سے مشترکہ مفادات ہی نہیں، مشترکہ اقدار پر استوار ہو۔کل 75 ڈیموکریٹک سینیٹرز اور ایوان نمائندگان کے ارکان نے اس خط پر دستخط کیے ہیں جو منگل کو وائٹ ہاؤس کو بھیجا گیا تھا۔ واشنگٹن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے ساتھ قریبی تعلقات کی امید رکھتا ہے، جسے وہ چین کے خلاف ایک توازن کے طور پر دیکھتا ہے، لیکن انسانی حقوق کے حامیوں کو خدشہ ہے کہ جغرافیائی سیاست انسانی حقوق کے مسائل پر غلبہ حاصل کر لے گی۔امریکی محکمہ خارجہ کی مارچ میں جاری کی جانے والی انسانی حقوق کی پریکٹسز سے متعلق سالانہ رپورٹ میں بھارت میں انسانی حقوق کے نمایاں مسائل اور زیادتیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button