سمیر وانکھیڑے پر 25 کروڑ کی رشوت کے مطالبہ کا الزام سی بی آئی اب شاہ رخ خان اور آرین خان کے بیانات کرسکتی ہے ریکارڈ
سی بی آئی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ہم جلد ہی آرین خان کا بیان ریکارڈ کریں گے، جسے این سی بی نے گرفتار کیا تھا۔
ممبئی، 21جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کروز ڈرگس معاملے میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آرین خان کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ممبئی زون کے سابق ریجنل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی جانب سے رشوت طلب کرنے کے سلسلے میں بیانات ریکارڈ کر سکتا ہے۔سی بی آئی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ہم جلد ہی آرین خان کا بیان ریکارڈ کریں گے، جسے این سی بی نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے ساتھ شاہ رخ خان کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے، جن سے ملزم کرن گوساوی اور سانویل ڈیسوزا نے وانکھیڑے کے کہنے پر 25 کروڑ روپے مانگے تھے۔
سازش کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ان کے بیانات قلمبند کرنا ضروری ہے۔سی بی آئی نے 11 مئی کو سمیر وانکھیڑے اور چار دیگر کے خلاف بالی ووڈ اداکار سے 25 کروڑ روپے رشوت طلب کرنے کے الزام میں ایک کیس درج کیا تھا تاکہ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو کورڈیلیا کروز منشیات کیس میں ملوث نہ کیا جاسکے۔
وانکھیڑے کے خلاف مبینہ مجرمانہ سازش اور بھتہ خوری کی دھمکیوں کے ساتھ ساتھ انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت رشوت ستانی سے متعلق دفعات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سی بی آئی اس معاملے میں وانکھیڑے سے پہلے ہی دو سے تین بار پوچھ گچھ کر چکی ہے۔خیال رہے کہ بامبے ہائی کورٹ نے حال ہی میں این سی بی کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو ان کے اور اداکار شاہ رخ خان کے درمیان واٹس ایپ پر ہوئی بات چیت کو لیک کرنے کو لے کر پھٹکار لگائی اور ان سے پوچھا کہ کیا میڈیا میں اس چیٹ کو لیک کرنے کیلئے وہ ذمہ دار ہیں۔
عدالت وانکھیڑے اور شاہ رخ خان کے درمیان مبینہ وہاٹس ایپ بات چیت کا ذکر کررہی تھی، جو میڈیا میں لیک ہو گئی ہے اور معاملہ زیرغور ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر یہ وائرل ہورہا ہے۔مبینہ چیٹ میں وانکھیڑے جو آرین خان سے وابستہ ڈرگ معاملہ کے جانچ افسر تھے، کو اداکار کے ساتھ چل رہی جانچ پر گفتگو کرتے ہوئے اور آرین خان پر نرمی برتنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ وانکھیڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو کارڈیلیا کروز سے نشیلی اشیا کی ضبطی کے معاملہ میں نہیں پھنسانے کیلئے اداکار سے رشوت مانگی تھی۔



