یونیفارم سول کوڈ پر این ڈی اے کی سبھی پارٹیاں متفق نہیں شمال مشرقی پارٹیوں کی مخالفت، کہا، اس سے حقوق پر لگے گا قدغن
یونیفارم سول کوڈ کو لے کر اب بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد میں اب دراڑیں دکھائی دینے لگی ہیں۔
گوہاٹی،۲؍جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)یونیفارم سول کوڈ کو لے کر اب بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد میں اب دراڑیں دکھائی دینے لگی ہیں۔ این ڈی اے (NDA) کی شمال مشرقی ریاستوں کی کئی اتحادی جماعتوں نے اس بارے میں اپنا اختلاف ظاہر کیا ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ یو سی سی کی وجہ سے 200 سے زیادہ ثقافتی طور پر متنوع مقامی قبائل کے علاقے میں ان کی آزادی اور حقوق کو کم کر سکتا ہے۔ ہندوستان کی 12 فیصد سے زیادہ قبائلی آبادی شمال مشرقی ریاستوں میں رہتی ہے۔ یو سی سی مخالف آوازوں کی صفوں میں شامل ہونے والے شمال مشرق سے تازہ ترین رہنما میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما (Conrad Sangma) ہیں۔مؤقر انگریزی روزنامہ’ ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کے قریبی اتحادیوں میں سے ایک ہونے کے باوجود، کونراڈ سنگما نے اپنی نیشنل پیپلز پارٹی (NPP) کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ یو سی سی انڈیا کے حقیقی خیال کے خلاف ہے۔
کونراڈ نے کہا کہ ایک سیاسی پارٹی کے طور پر، ہمیں احساس ہے کہ پورے شمال مشرق میں منفرد ثقافتیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ رہیں اور انہیں چھوا نہ جائے، جبکہ ناگالینڈ میں بی جے پی کی ایک اور اتحادی، حکمراں نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (NDPP) نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ یو سی سی کا نفاذ ہندوستان کی اقلیتی برادریوں اور قبائلی لوگوں کو نقصان پہنچے گا۔ آزادی اور حقوق پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ میزورم کی 94 فیصد سے زیادہ قبائلی آبادی ان ریاستوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس نے گذشتہ فروری میں اپنی یو سی سی مخالف پوزیشن کو مضبوط کیا تھا۔ اسمبلی نے متفقہ طور پر یو سی سی کی مخالفت میں ایک سرکاری قرارداد منظور کی۔جمعہ کو میزورم کے وزیر داخلہ لالچملیانا نے کہا کہ اگرچہ پارلیمنٹ کے ذریعہ یو سی سی کو ایک قانون بنایا جائے گا، لیکن میزورم میں اسے اس وقت تک نافذ نہیں کیا جائے گا جب تک ریاستی مقننہ ایک قرارداد کے ذریعے ایسا فیصلہ نہیں لیتی۔ جب کہ آسام میں بی جے پی۔ اتحادی اے جی پی (AGP) منگل کو یو سی سی کے معاملے پر اپنے موقف پر بات چیت کر سکتی ہے۔



