جرمنی : ہم جنس پرستوں کے پریڈ میں ایک ملین ہم جنس پرستوں کی شرکت
جرمن شہر کولون میں اتوار نو جولائی کے روز ایل جی بی ٹی پلس کمیونٹی کا ایک بہت بڑا اجتماع منعقد ہوا
برلن ، 10جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) جرمن شہر کولون میں اتوار نو جولائی کے روز ایل جی بی ٹی پلس کمیونٹی کا ایک بہت بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ منتظمین کے مطابق اس میں ایک ملین سے زائد افراد شریک ہیں تاکہ اس کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔جرمن شہر کولون میں ہم جنس پسند مردوں، خواتین، انٹرسیکس، کویئر اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی (LGBTIQ) کی یہ پریڈ کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔ آج اتوار کے دن اس بہت بڑے ایونٹ کو دیکھنے کے لییدس لاکھ سے زائد افراد کولون شہر کے اندرونی حصے کی سڑکوں پر ہیں۔ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر کولون میں ہونے والی اس پریڈ کا شمار یورپ بھر میں اس طرز کے سب سے بڑے اجتماعات میں ہوتا ہے۔سال رواں کے پریڈ کے لیے 220 سے زائد گروپوں نے شرکت کے لیے اپنا باقاعدہ اندراج کرا رکھا تھا۔اس پریڈ میں شہر کے مرکز میں تقریباً ساٹھ ہزار شرکاء ایک جلوس کی شکل میں 4.3 کلومیٹر لمبے راستے پر مارچ کرتے رہے۔
اس سال کی ’کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے‘ کی تقریبات کا ماٹو ہے’’انسانی حقوق کے لیے: بہت سے، ایک ساتھ طاقتور ‘ ۔کرسٹوفر اسٹریٹ کی اصطلاح دراصل امریکی شہر نیو یارک میں اس مقام کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جہاں مقامی ہم جنس پسندوں کی پسندیدہ اسٹون وال ان نامی بار پر سن 1969ء میں پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کے رد عمل میں ہم جنس پسند کمیونٹی کی ایک باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع ہو گئی تھی۔ معاشرتی اور قانونی سطح پر امتیازی رویوں اور پالیسیوں کی مخالفت میں شروع ہونے والی اس وسیع تر تحریک کو دنیا بھر میں ہم جنس پسند اور دیگر حساس برادریوں کی حقوق کی جدوجہد میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
کولون میں سن 2023 کی کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے کی تقریبات میں شریک دس لاکھ سے زائد انسانوں میں سے ہر کسی کا تعلق LGBTIQ کمیونٹی سے نہیں۔ مگر ان کی شرکت کا مقصد یہ ہے کہ ہم جنس پسند مردوں، خواتین، انٹرسیکس، کویئر اور ٹرانس جینڈر برادریوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگہی پھیلائی جائے تاکہ ان مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔آج منعقد ہونے والی مختلف تقریبات سے جرمنی کے چند نامور سیاست دان بھی خطاب کر رہے ہیں، جن میں وفاقی وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ بھی شامل ہیں۔ اس پریڈ کے شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔



