قومی خبریں

خواتین کی برہنہ پریڈ کی ویڈیو کیوں نہیں ہٹائی گئی؟ ٹوئٹر پر ایکشن لے گی حکومت

منی پور میں خواتین کے ساتھ بربریت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھی

نئی دہلی، 20جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) منی پور گزشتہ دو ماہ سے تشدد کی آگ میں جل رہا ہے۔ حال ہی میں منی پور میں خواتین کے ساتھ بربریت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھی۔ دو خواتین کی سڑک پر برہنہ پریڈ کی اس ویڈیو کے حوالے سے حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت اس ویڈیو کے حوالے سے ٹوئٹر پر کارروائی کر سکتی ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ جس طرح سے اس ویڈیو کو پھیلانے کی اجازت دی گئی وہ قوانین کے خلاف ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ 4 مئی کا ہے جس کی ویڈیو پچھلے کچھ دنوں سے وائرل ہو رہی تھی۔اطلاعات کے مطابق ٹوئٹر کے خلاف کارروائی کے احکامات گزشتہ رات ہی دیئے گئے ہیں۔

وزارت آئی ٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ اس ویڈیو کو مزید کسی بھی پلیٹ فارم پر نشر نہ کیا جائے۔ ذرائع کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق حکومت نے یہ حکم ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے جاری کیا ہے۔اس حکم میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس بات کو یقینی بنائے کہ منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ کی اس ویڈیو کو مزید شیئر نہ کیا جائے۔

منی پور کا واقعہ شرمسار کرنے والا، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا: پی ایم مودی

 پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے پہلے میڈیا سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کے واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کا واقعہ شرمناک ہے۔ اس واقعہ سے 140 کروڑ ملک کے لوگ شرمندہ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ خواتین کی حفاظت کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ منی پور واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ منی پور واقعہ پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔پی ایم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا دل غصے سے بھرا ہوا ہے، درد سے بھرا ہوا ہے۔ منی پور میں جو واقعہ سامنے آیا ہے وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے شرمناک واقعہ ہے۔ گناہ کرنے والے کتنے ہیں، کون ہیں، وہ اپنی جگہ، لیکن پورے ملک کی توہین ہو رہی ہے۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ 140 کروڑ باشندگان وطن کو شرمسار ہونا پڑ رہا ہے۔ میں سبھی وزرائے اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کریں۔ خاص طور پر ہماری ماؤں بہنوں کے لئے سخت ترین اقدامات اٹھائیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔ قانون اپنی تمام تر سختی کے ساتھ ایک کے بعد ایک قدم اٹھائے گا۔ منی پور کی ان بیٹیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، اسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا ہے۔بتا دیں کہ منی پور کے واقعہ کے حوالے سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سے بات چیت کی اور معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وہیں سپریم کورٹ نے بھی اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button