قومی خبریں

راج ناتھ سنگھ نے ہمسایہ ملک کو دے ڈالی کھلی دھمکی ضرورت پڑنے پر ہندوستانی فوج ایل او سی عبور کر نے میں دریغ نہیں کرے گی

مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ فوج فتح کے بعد 1999 میں ہی لائن آف کنٹرول کو عبور کر سکتی تھی،

کارگل، 26جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کارگل وجے دیوس کے موقع پر پڑوسی ملک کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان کی طرف نظر اٹھاکر دیکھا گیا تو فوج لائن آف کنٹرول کو پار کرکے گھر میں گھس کر مارے گی ، اور دشمن کو نیست و نابود کردے گی۔بدھ کو یہاں وجے دیوس کے موقع پر کارگل کے دراس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ فوج فتح کے بعد 1999 میں ہی لائن آف کنٹرول کو عبور کر سکتی تھی، لیکن ہندوستان کے امن پسند ملک کے نظریہ، ہندوستانی اقدار پر یقین اور بین الاقوامی قوانین سے وابستگی کی وجہ سے اس وقت یہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس وقت ایل او سی کو عبور نہیں کیا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ایل او سی کو عبور نہیں کر سکتے تھے۔

ہم ایل او سی کو پار کر سکتے تھے، اور ضرورت پڑنے پر مستقبل میں ایل او سی کو پار کریں گے۔ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ ہم ایل او سی کو عبور کر سکتے تھے،اور یقینا ہم ایسا کرسکتے ہیں، میں ا پنے ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ قوم کی عزت اور وقار حکومت کے لیے ہر چیز سے بڑھ کر ہے اور اس کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ موجودہ عالمی منظر نامے میں بعض ممالک میں جنگ کے حد سے زیادہ چلنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اہل وطن سے کہا کہ وہ افواج کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہرمحب وطن کو سپاہی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جنگ صرف فوجوں کے درمیان نہیں ہوتی، ان ممالک کے عوام کے درمیان بھی جنگ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں صرف فوج ہی نہیں لڑتی ؛بلکہ کوئی بھی جنگ دو قوموں اور ان کے لوگوں کے درمیان ہوتی ہے۔ آپ دیکھئے کہ کسی بھی جنگ میں براہ راست فوجیں حصہ لیتی ہیں، لیکن بالواسطہ طور پر آپ دیکھیں، تو اس جنگ میں کسان سے لے کر ڈاکٹر، انجینئر، سائنس داں اور بہت سے دوسرے پیشوں کے لوگ شریک ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button