لینڈنگ کے دوران انڈیگو طیارہ کا پچھلا حصہ زمین سے ٹکرانے پر پائلٹس کا لائسنس معطل
احمد آبادایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران انڈیگو کے ایک مسافر طیارہ کا پچھلا حصہ زمین سے ٹکرا گیا۔
احمد آباد ، 26جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) احمد آبادایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران انڈیگو کے ایک مسافر طیارہ کا پچھلا حصہ زمین سے ٹکرا گیا۔ یہ واقعہ گزشتہ 15 جون کو پیش آیا تھا جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بعد ڈی جی سی اے (The Directorate General of Civil Aviation) نے سخت قدم اٹھایا ہے۔ ڈی جی سی اے نے انڈیگو کے ایک کیپٹن کا لائسنس تین مہینے اور ایک کو-پائلٹ کا لائسنس ایک مہینے کے لیے معطل کر دیا ہے۔ ایک سینئر افسر کے حوالے سے یہ جانکاری خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے دی ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق 15 جون کو انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6E6595 بنگلورو سے احمد آباد گئی تھی۔
احمد آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت طیارہ کا پچھلا حصہ ٹکرا گیا تھا۔ بعد ازاں انڈیگو نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں بتایا تھا کہ طیارہ کو ضروری جانچ اور مرمت کے لیے احمد آباد ایئرپورٹ پر ہی روک دیا گیا۔ واقعہ کی جانچ متعلقہ افسران کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ طیاروں میں تکنیکی خامیوں کی خبریں لگاتار سامنے آتی رہتی ہیں اور ایسی حالت میں ایمرجنسی لینڈنگ کی بھی نوبت آ جاتی ہے۔ لیکن 15 جون کو پیش آئے واقعہ میں لینڈنگ کے وقت پائلٹ ٹیم کی غلطی سامنے آ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیپٹن اور شریک پائلٹ کے لائسنس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔



