ہریانہ: یاترا میں فرقہ وارانہ کشیدگی، گروہی تصادم و تشدد
جیسے ہی یاترا ترنگا پارک کے قریب پہنچی تو وہاں موجود دونوں فریق جیسے ہی آمنے سامنے آئے
چندی گڑھ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ہریانہ کے نوح میں وشو ہندو پریشد اور ماتروشکتی درگا واہنی کی طرف سے نکالی جانے والی برج منڈل یاترا کے دوران پیر کو بھگوا یاترا کے دوران تشدد پھوٹ پڑا اور ہنگامہ ہوا۔ اس دوران کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔دونوں گروپوں میں تصادم کے بعد تین درجن سے زائد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔اس میں کئی لوگ اور پولیس عہدیدار زخمی ہوئے۔ گولی لگنے سے دو افراد کی موت کی بھی خبر ہے۔ اگرچہ سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔نوح کی ضلعی انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر اضلاع سے پولیس فورس طلب کر لی ہے، پورے ضلع میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ انٹرنیٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ضلع کی حدود سیل کر دی گئیں۔اطلاعات کے مطابق جب یاترا نوح کے نہلاد شیو مندر سے شروع ہو کر فیروز پور۔جھرکہ کی طرف روانہ ہوئی۔
جیسے ہی یاترا ترنگا پارک کے قریب پہنچی تو وہاں موجود دونوں فریق جیسے ہی آمنے سامنے آئے، ان کے درمیان جھگڑا ہوا اور کچھ ہی دیر میں پتھراؤ شروع ہوگیا۔ جس کی وجہ سے پورے علاقے میں ماحول کشیدہ ہو گیا۔یہ تشدد اس قدر تھا کہ پولیس والے کم پڑتے نظر آئے۔پولیس کچھ دیر کے لیے پیچھے ہٹ گئی اور کچھ دیر بعد بڑی تعداد میں فورسز کو تعینات کر دیا گیا۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے انٹرنیٹ بھی کچھ وقت کے لیے بند کیا جا سکتا ہے ۔ پیر کی سہ پہرپہلا تشدد ترنگا پارک کے قریب ہوا، جس نے کچھ ہی دیر میں پورے نوح شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس دوران اولڈ بس اسٹینڈ، ہوٹل بائی پاس، مین بازار، اناج منڈی اور گروگرام الور ہائی وے پر یکے بعد دیگرے گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔دوپہر تک 40 سے زائد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ ان میں کاروں کے علاوہ بسیں، بائک، اسکوٹی اور دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔کہا جا رہا ہے کہ نصیر اور جنید کے قتل کے ملزم مونو مانیسر نے ایک ویڈیو جاری کر کے میوات آنے کی بات کہی تھی۔
Several injured in violent clashes between two communities in #Haryana’s Mewat during VHP’s rally#Mewat #Nuh #VHP pic.twitter.com/F16niedPGa
— Amit Sahu🇮🇳 (@amitsahujourno) July 31, 2023
اس نے اس سفر میں شامل ہونے کی بات بھی کی تھی۔اس کے اس ویڈیو کو لے کر کچھ لوگ ناراض تھے ۔ نوح میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پڑوسی پلوال، فرید آباد اور ریواڑی اضلاع سے اضافی پولیس فورس طلب کی گئی۔ پیر کی سہ پہر دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ میں کئی پولیس عہدیدارزخمی ہو گئے۔ نوح اور گردونواح میں ہوڈل بائی پاس پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔ یہاں شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔جھگڑا بڑھنے کے بعد نوح شہر کے تمام بازار بند کر دیے گئے۔ سب سے پہلے ترنگا پارک کے اطراف کے علاقے کی دکانیں بند کرائی گئیں۔جس کے بعد نوح شہر کے مرکزی بازار کے علاوہ نیا بازار، گلی بازار اور ہوڈل بائی پاس سمیت شہر کی دیگر مارکیٹیں بھی دکانداروں نے بند کر دیں۔ شہر کے آسمان پر کالا دھواں دکھائی دے رہا ہے۔۔اس وقت صورتحال مستحکم ہے لیکن کشیدگی برقرار ہے۔



