آئی ایس آئی نے موبائل فون ہیک کرنے کی اسرائیلی ٹیکنالوجی خریدلی: اسرائیلی اخبار
پاکستانی خفیہ ایجنسی نے موبائل فون ہیک کرنے کی اسرائیلی ٹیکنالوجی خریدلی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس،3اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)اسرائیلی اخبار کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی نے موبائل فون ہیک کرنے کی اسرائیلی ٹیکنالوجی خریدلی ہے۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی سائبر ٹیکنالوجی فرم کے براستہ سنگاپور بیچے گئے ٹولز ایف آئی اے اور پولیس استعمال کرتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے اور پولیس 2012ء سے اسرائیلی سائبر ٹیکنالوجی فرم کی مصنوعات استعمال کر رہی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی شپمنٹ ریکارڈ کے مطابق اسرائیلی فرم سیلیبریٹ ایشیا پیسیفک نے2019ء تک پاکستانی کمپنیوں اور ایف آئی اے کو اپنی مصنوعات بیچیں۔2012ء میں سندھ پولیس نے اسرائیلی فرم سیلیبریٹ کی یو ایف ای ڈی ٹچ الٹی میٹ ڈیوائسز حاصل کیں۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، بیلاروس، چین، یوگینڈا، وینزویلا، انڈونیشیا، فلپائن، روس، ایتھوپیا اور بنگلہ دیش اسرائیلی فرم کے کلائنٹس میں شامل ہیں۔اسرائیلی فرم سیلیبریٹ ایشیا پیسیفک نے اسرائیلی اخبار کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی پاکستان کو براہ راست یا بالواسطہ فروخت نہیں کرتی۔اسرائیلی فرم سیلیبریٹ نے پاکستان کے لیے سنگاپور شپمنٹ سرٹیفیکیٹ اور پاکستانی سرکاری ٹینڈرز کے ساتھ تعلق کی وضاحت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اسرائیلی سائبرٹیکنالوجی فرم کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے آلات صرف سیکیورٹی فورسز اور محکمہ پولیس کو فروخت کرتی ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع نے اس رپورٹ پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔



