قاتل کانسٹیبل چیتن سنگھ کیخلاف مذہبی بنیاد پر دشمنی کے فروغ کا مقدمہ
چیتن سنگھ کے پولیس ریمانڈ میں 11 اگست تک توسیع کر دی ہے
ممبئی ، 7اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ممبئی کی عدالت نے پیر کو ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) کانسٹیبل چیتن سنگھ کے پولیس ریمانڈ میں 11 اگست تک توسیع کر دی ہے جس نے 31 جولائی کو چلتی ٹرین میں اپنے ساتھی اور تین دیگر مسلم مسافروں کو الگ الگ ڈبے میں جا کر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے انڈین پینل کوڈ (IPC) کی دفعہ 153 اے کو شامل کیا ہے، جس میں ملزم قاتل کیخلاف مذہب کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو بڑھاوا دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اڑ پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ نے پیر کی علی الصبح دہیسر اور میرا روڈ اسٹیشن کے درمیان جے پور ممبئی سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین کے B5 کوچ کے اندر اپنے ساتھی، RPF کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹیکارام مینا اور تین دیگر مسلم مسافروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا ۔
جی آر پی نے اس کی حراست میں سات دن کی توسیع کی درخواست کی، اس بنیاد پر کہ انہیں گواہوں کی شناخت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم، مجسٹریٹ نے سنگھ کو 11 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ اسے بوری ولی عدالت میں پیش کیا گیا۔چیتن سنگھ کی بیوی اور ماں اپنے بیانات دینے اور طبی دستاویزات جمع کرانے کے لیے بوریولی جی آر پی میں موجود ہیں۔



