سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

مجربات رحیمی-بالوں کی خوبصورتی اور چمک کو باقی رکھنے کے طریقے

ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفاخانہ بنگلور

لباس اور چہرے کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہ رواج بھی مزید زور پکڑتا جارہا ہے کہ بالوں کی خوبصورتی کو قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ ان میں چمک بھی پیدا کی جائے تاکہ بالوں میں زیادہ خوبصورتی اور کشش پیدا ہو چنانچہ اس مقصد کے لئے بالوں کی حفاظت پر بہت توجہ دی جاتی ہے ہر مرد اور عورت کی یہ فطری خواہش رہتی ہے کہ اس کے بال دوسروں کے مقابلے میں زیادہ پرکشش اور خوبصورت ہوں۔

بالوں میں قدرتی طور پر تو چمک پائی جاتی ہے لیکن بعض خواتین و حضرات اپنی بے احتیاطی یا لاعلمی کی وجہ سے بالوں میں پیدا شدہ چمک کو کھودیتے ہیں ظاہراً وہ بالوں کی حفاظت کررہے ہوتے ہیں لیکن علم نہ ہونے کے باعث بالوں کو نقصان بھی پہنچاتے ہیں کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بار بار شیمپو سے دھونا بالوں کو خوبصورت بناتا ہے اور چمک پیدا کرتاہے لیکن بار بار بالوں کو شیمپو یا صابن سے دھونا ان کی قدرتی چمک اور خوبصورتی کو ماند کرتا ہے اس کے بجائے اگر بالوں کو صرف اس وقت دھویا جائے جب ان میں گرد و غبار یا چکنائی پیدا ہو اور سر بوجھل محسوس ہو گو کہ سادہ اور صاف پانی سے روزانہ دھونے میں کوئی حرج نہیں۔

صابن سے بال دھونا بھی بالوں کی خوبصورتی اور چمک کے لئے نقصان دہ ہے کیونکہ صابن میں کاسٹک سوڈا ہوتا ہے جو بالوں اور سر کی جلد کے لئے اچھا نہیں ہوتا یہ درست ہے کہ شیمپو کے استعمال سے بالوں میں خوبصورتی اور چمک پیدا ہوتی ہے اور ان کو آسانی کے ساتھ اپنی مرضی کے مطابق سنوارا جاسکتا ہے لیکن جیسا کہ پہلے عرض کیا گیا ہے کہ کسی بھی چیز کی زیادتی فائدے کے بجائے نقصان کا موجب بھی ہوسکتی ہے اس لئے جب بھی شیمپو کیا جائے تو بالو ں کو دھوکر ہیئرڈرائیر سے خشک کرنے کی بجائے قدرتی ہوا میں خشک کریں تو اچھا رہتا ہے۔

اگر چکنے بال ہوں تو ان کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ذرا مشکل ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں ایسے بالوں کو ہفتہ میں دو بار شیمپو سے دھولیا جائے تو مسئلہ حل ہوجاتا ہے او رپھر آسانی کے ساتھ سنوارا بھی جاسکتا ہے ۔ اگر بالوں کا قدرتی رنگ سرخی مائل ہو تو شیمپو کرنے کے بعد بالوں کو چائے کی پتی کے پانی سے دھولیا جائے تو ان کی چمک میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

آج کل بالوں کو چمکدار بنانا کوئی مسئلہ نہیں رہ گیا مصنوعی طورپر بھی بالوں میں چمک پیدا کرنے کے لئے بازار میں چمکیلے سنہری پائوڈر ملتے ہیں جسے بالوں میں چھڑک کر اوپر کنگھی یا برش کرنے سے بالوں میں چمک آجاتی ہے ۔

خشک اور سوکھے بال ویسے ہی خوبصورت نہیں ہوتے اور پھر ان میں چمک بھی نہیں ہوتی ایسے بالوں میں خوبصورتی اور چمک پیدا کرنے کی غرض سے روغن بادام او رزیتون کا تیل برابر وزن میں ملا کر سر کی مالش کریں پھر کسی اچھے سے شیمپو کے ساتھ بال دھونے کے ساتھ ہی چند قطرے خالص سیاہ سرکہ کے شامل کرلیں اس سے بالوں میں چمک پیدا ہوجاتی ہے اور قدرتی چمک اور خوبصورتی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
دیسی طریقے بھی بالوں کی خوبصورتی کو قائم رکھنے اور چمک میں اضافہ کرنے کے لئے بڑے کار آمد ہوتے ہیں یہ نسخے عام طورپر خواتین کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

دیہاتی خواتین میں سے اکثریت کو دیکھا گیا ہے کہ ان کے بال لمبے گھنے خوبصورت اور چمکدار ہوتے ہیں جس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ دیسی نسخوں سے اپنے بالوں کی حفاظت کرتی ہیں بالوں میں چمک پیدا کرنے کے لئے کسی اچھے سے خالص تیل میں لیموں کا عرق ملائیں اور بالوں میں لگا کر ایک گھنٹہ بعد بالوں کو شیمپو سے دھوئیں اس کے بعد تھوڑے سے پانی میں لیموں کا عرق ڈالیں او ربالوں کو اس پانی سے دھوکر پھر سادہ اور صاف پانی سے دھولیں اس سے بال چمکدار ہوجائیں گے۔

اس کے علاوہ مسور کی دال باریک پیس کر ایک انڈے میں خوب اچھی طرح مکس کریں اور اس آمیزہ کو بالوں میں لگائیں خشک ہونے پر بالوں کو سادہ پانی سے دھولیں اس سے بالو ںمیں خوبصورتی اور چمک پیدا ہوجاتی ہے ۔

بالوں میں چمک پیدا کرنے کے لئے ایک عدد بڑے لیموں کے عرق میں ایک چمچ سیاہ سرکہ شامل کریں اور بالوں میں لگائیں خشک ہونے پر بالو ںکو سادہ پانی سے دھولیں اس کے بعد قدرتی ہوا میں خشک ہونے دیں پھر دیکھیں کہ آپ کے بال کتنے خوبصورت اور چمکدار ہوگئے ہیں۔بالوں کی خوبصورتی اور چمک میں اضافے کا دارومدار آپ پر منحصر ہے اگر آپ اپنے بالو ںمیں خوبصورتی اور چمک چاہتے ہیں تو پھر آپ کو بالوں کی حفاظت اور نگہداشت پرتوجہ دینی ہوگی ۔

بالوں میں قدرتی چمک پیدا کرنے کے لئے ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ خشک آملے پانی میں گھول کر رات کو رکھ دیں پھر صبح اس پانی کو بالوں میں اچھی طرح سے لگائیں جب محلول سوکھ جائے تو بالوں کو سادہ پانی سے دھولیں اس سے بالوں کی چمک میں اضافہ ہوگا۔بالوں کو روزانہ کنگھی کرنے سے بھی بالوں کی چمک میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اس سے بالوں میں موجود گرد وغبار کنگھی کے ذریعے باہر نکل آتا ہے ۔

در اصل بالوں کی ٹھیک طرح سے صفائی بالوں کی خوبصورتی اور چمک کی ضامن ہے ۔ اگر آپ اپنے بالوں کو مکمل طورپر صحت مند ، خوبصورت اور چمکدار رکھنا چاہتے ہیں تو یہ کوئی مشکل کام نہیں جہاں آپ روزانہ اپنے کام کرتے ہیں وہاں پر ہر روز صرف دس منٹ ہی بالوں کی حفاظت اور نگہداشت پر صرف کرلئے جائیں تو بالوں کی بیشمار بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

نوٹ: آج بازار میں مختلف خوشبو دار تیل اور شیمپو کی بھر مار ہے مصنوعی خوشبو دار تیلوں سے جتنا بچا جا سکے اچھا ہوگا اور اصلی تیل مثلاً روغن بادام، روغن زیتون، روغن ناریل، روغن تل، روغن سرسوں ، حسب سہولت استعمال کریں تو بالوں کے لئے مفید ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button